ممبئی: پوائی میں 80 لاکھ روپے کے جعلی نوٹ ضبط، ملزم گرفتار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 29th Dec.

ممبئی، 29 دسمبر،: ممبئی کے پوائی علاقے میں پولیس نے 80 لاکھ روپے کی جعلی کرنسی برآمد کی ہے۔ یہ سب 500 روپے کے جعلی نوٹ ہیں۔ پولیس نے اس معاملے میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی شناخت سوجنیا بھوشن پاٹل (31) کے طور پر ہوئی ہے۔ ممبئی کرائم برانچ پولیس معاملے کی گہرائی سے جانچ کر رہی ہے۔
پولیس کے مطابق ممبئی کرائم برانچ یونٹ 10 کے سینئر پولیس انسپکٹر ستیش کامبلے کو پوائی کے امبیڈکر گارڈن کے قریب جعلی نوٹوں کے ساتھ ملزمین کے آنے کی اطلاع ملی تھی۔ اس اطلاع کی بنیاد پر پولس انسپکٹر کامبلے نے جائے وقوعہ کی نگرانی کی تھی۔ جیسے ہی ملزم جعلی نوٹ لے کر رات دیر گئے موقع پر پہنچا، وہاں تعینات پولیس ٹیم نے اسے پکڑ لیا اور اس کے بیگ کی تلاشی لی۔ پولیس نے بیگ سے جعلی نوٹ برآمد ہونے پر ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ٹیم ملزم سے جعلی نوٹ چلانے والے گروہ کے بارے میں معلومات اکٹھی کر رہی ہے۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ وہ ممبئی کے مختلف علاقوں میں جعلی نوٹ بانٹنے جا رہا تھا۔ معاملے کی گہرائی سے تفتیش جاری ہے۔