موت کے وقت برازیلین فٹ بالر پیلے کی مجموعی مالیت کتنی تھی؟

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 30th Dec.

برازیلیا ؍لندن ، 30دسمبر :برازیلین فٹ بال کنگ آنجہانی پیلے کی موت کے وقت مجموعی مالیت تقریباً 100 ملین امریکی ڈالرز تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق 1977 میں فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے بعد پیلے نے مختلف برانڈز بالخصوص پوما کی توثیق سے خوب دولت کمائی۔ہسپانوی اخبار مارکا کے مطابق، وفات کے وقت پیلے کی مجموعی مالیت 100 ملین امریکی ڈالرز ہے۔واضح رہے کہ برازیلین فٹ بال آئیکون نے 1955 میں صرف 15 برس کی عمر میں سینٹوس ایف سی کے ساتھ اپنے فٹ بال کیریئر کا آغاز کیا تھا۔پیلے نے اپنی بیشتر دولت فٹ بال سے ریٹائرمنٹ کے بعد کمائی۔60 کی دہائی کے اختتام پر ایک بار مشہور زمانہ برانڈ پوما اور ایڈیڈاز کے درمیان پیلے کو برانڈ ایمبیسیڈر بنانے کے لیے باقاعدہ جنگ ہوگئی تھی، دونوں ہی برانڈ پیلے کو کسی بھی قیمت پر ہایئر کرنا چاہتے تھے۔لیکن پیلے نے معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے دونوں برانڈز کے ساتھ ایک امن معاہدہ طے کیا کہ ان دونوں میں کوئی بھی انہیں اسپانسر نہیں کرے گا۔ تاہم 1970 میں اٹلی کے خلاف کھیلے گئے ورلڈ کپ کے فائنل کے دوران، پیلے نے میچ کی ابتدائی سیٹی بجنے سے ٹھیک پہلے ریفری سے کچھ لمحوں کا وقفہ لیا تاکہ وہ اپنے جوتے باندھ سکیں۔ اس موقع پر سب کی نظریں ان پر اور ان کے جوتوں پر ہی تھیں جو کہ پوما کے جوتے تھے ، ایک اطلاع کے مطابق پیلے کو صرف اپنے جوتے باندھنے کے لیے اس وقت 1 لاکھ 20 ہزار امریکی ڈالرز ادا کیے گئے اور اس کے اگلے 4 برسوں تک 1 لاکھ ڈالر کا معاوضہ ادا کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جدید دور کے برعکس، اس وقت فٹ بال میں زیادہ پیسے نہیں تھے لیکن کہا جاتا ہے کہ پیلے کو کاسموس کے ساتھ کھیلنے والے 3 برسوں کے دوران ایک سال میں 2.8 ملین ڈالرز کی بڑی رقم ادا کی جاتی تھی۔جس کے بعد ان کا شمار دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے ایتھلیٹس میں کیا جانے لگا۔پیلے نے برازیل کے ساتھ 1958، 1962 اور 1970 کے ورلڈ کپ میں نہ صرف شرکت کی بلکہ ورلڈ کپ بھی جتوایا تھا۔واضح رہے کہ برازیلین کھلاڑی پیلے چند ہفتوں سے اسپتال میں زیرِ علا ج تھے جس کے بعد گزشتہ رات وہ 82 سال کی عمر میں انتقال کرگئے تھے۔