پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کل سے ہوگا شروع، مرکزی حکومت نے طلب کیا کُل جماعتی اجلاس

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 7 th Dec.

نئی دہلی، 6دسمبر: حکومت نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے ایک روز قبل کُل جماعتی اجلاس طلب کیا ہے۔ اجلاس میں مختلف جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔ اس دوران ایوان کے کام کاج کو خوش اسلوبی سے چلانے، اجلاس کے دوران قانون سازی کے کام اور اس سے متعلق اہم امور پر بحث کا امکان ہے۔خیال رہے کہ پارلیمنٹ کا سرمائی اجلاس کل یعنی 7 دسمبر سے شروع ہوگا اور 29 دسمبر تک جاری رہے گا۔ اس دوران 17 نشستیں منعقد ہوں گی۔ پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پہلے دن دہلی ایم سی ڈی الیکشن کے نتائج کا اعلان ہوگا جبکہ اگلے دن گجرات اور ہماچل پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج جاری کیے جائیں گے۔ توقع ہے کہ سیشن کے پہلے دو دنوں میں انتخابی نتائج حاوی رہیں گے۔ گزشتہ ہفتے ہی حکومت نے سرمائی اجلاس کے دوران متعارف کرائے جانے والے 16 بلوں کی فہرست جاری کی تھی۔پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں مختلف جماعتوں کے لیڈروں کو سرمائی اجلاس سے قبل آل پارٹی میٹنگ میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دونوں ایوانوں کے کئی رہنماؤں کے بھی اس میٹنگ میں شرکت کا امکان ہے۔پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس سے قبل کانگریس نے بھی ہفتہ کے روز ایک اہم میٹنگ طلب کی تھی۔ اس میٹنگ کی صدارت کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے کی تھی۔ ایک گھنٹے سے زیادہ تک جاری رہنے والی اس میٹنگ میں کانگریس نے مہنگائی، سرحد پر کشیدگی اور بے روزگاری جیسے اہم مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ توقع ہے کہ اہم اپوزیشن کانگریس سرمائی اجلاس کے دوران ان تمام مسائل پر حکومت کو گھیرنے کی کوشش کرے گی۔