پوتین کا نیتن یاہو کے حکومت میں واپس آنے کا خیر مقدم

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 30th Dec.

ماسکو،30دسمبر:روس کے صدر ولادی میر پوتین نے اسرائیل میں نیتن یاہو کے حکومت میں واپس آنے پر انہیں خوش آمدید کہا ہے اور کہا ہے کہ کریملن ان کے ساتھ مل کر تعاون کا مضبوط بنانے کا خواہش مند ہے۔ نیتن یاہو نے جمعرات کو ایک مختصر وقفے کے بعد چھٹی بار وزارت عظمٰی سنبھالی ہے۔تجزیہ کار ان کی نئی حکومت کو اسرائیلی تاریخ کی انتہائی دائیں بازو کے اتحادیوں کے ساتھ تشکیل کردہ حکومت قرار دے رہے ہیں۔ تاہم روسی صدر نے ان کی حکومت کا خیر مقدم کیا ہے۔پوتین نے اپنے خیر مقدمی بیان میں کہا ‘ میں امید کرتا ہوں کہ آپ کے زیر قیادت اسرائیل کی نئی حکومت روس اور اسرائیل کے درمیان تعاون کو تمام شعبوں میں مزید مضبوط کرے گی۔ تاکہ مشرق وسطیٰ میں امن کا سلسلہ یقینی بن سکے۔’انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا ‘ اس موقع پر میں آپ کی طرف سے ذاتی طور دو طرفہ دوستانہ تعلقات کے لیے کردار کی تعریف کرتا ہوں۔’واضح رہے 24 فروری 2022 سے جب سے روس نے یوکرین پر حملہ کیا ہے اسرائیل نے اس معاملے میں خود کو غیر جانبدار رکھنے کی کوشش کی ہے۔ اسرائیل نے دونوں ملکوں کے درمیان معاہدات پر توجہ مرتکز کی ہے۔ جیسا کہ اسرائیل میں دس لاکھ افراد سابقہ سوویت یونین سے تعلق رکھتے ہیں۔