پونے: اسکول کی بس پلٹ کر نالے میں گر گئی، 27 طالبات زخمی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 31st Dec.

ممبئی، 31 دسمبر، : ہفتہ کی صبح تقریباً 3 بجے پونے ضلع کی بارامتی تحصیل کے پاہونی واڑی علاقے میں اسکول کی طالبات کو لے جانے والی بس ایک پل سے نیچے نالے میں گر گئی۔ اس واقعے میں 27 طالبات زخمی ہوئیں۔ تمام زخمیوں کو بارامتی کے خواتین اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں سے تین طالبات کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ بارامتی تحصیل پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
پولیس انسپکٹر کرن اوچار نے بتایا کہ کولہاپور ضلع کے اچل کرنجی کے ساگر کلاس کی آٹھویں سے دسویں جماعت کی لڑکیوں کو یشودا ٹریولز کی بس میں شرڈی پکنک کے لیے لے جایا جارہا تھا۔ اس بس میں 5 خواتین اساتذہ بشمول 48 طالبات سفر کر رہی تھیں۔ شرڈی سے واپس آتے ہوئے، بس ڈرائیور شری پد پاٹل کو اچانک نیند آگئی اور بارامتی تحصیل کے پاہونی واڑی میں پل سے نیچے نالے میں گر گئی۔
واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور مقامی شہریوں کی مدد سے زخمی طالبات کو فوری طور پر بارامتی خواتین اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ کیس کی تفتیش جاری ہے۔
پاہونے واڑی کے سرپنچ جیرام تاویرے نے کہا کہ اس سے قبل بھی کئی گاڑیاں اس مقام پر حادثات کا شکار ہو چکی ہیں، محکمہ تعمیرات عامہ سے شکایت کی گئی ہے، لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔