ڈیون کونوے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 1000 رن مکمل کرنے والے کیوی بلے باز بنے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 28th Dec.

کراچی، 28 دسمبر: نیوزی لینڈ کے وکٹ کیپر بلے باز ڈیون کونوے نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار رن مکمل کر لیے۔ وہ ایسا کرنے والے تیز ترین کیوی بلے باز بن گئے ہیں۔ کونوے نے یہ کارنامہ پاکستان کے خلاف کراچی میں پہلے ٹیسٹ کے دوران انجام دیا۔ کونوے 176 گیندوں پر 92 رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس دوران انہوں نے 14 چوکے لگائے۔
کانوے نے 11 ٹیسٹ کی 19 اننگ میں 55.55 کی اوسط سے 1010 رن بنائے ہیں۔ وہ فارمیٹ میں تین سنچریاں اور پانچ نصف سنچریاں بنا چکے ہیں۔ اس فارمیٹ میں ان کا بہترین اسکور 200 رن ہے۔انہوں نے 20 اننگ میں 1000 رن مکمل کرنے والے سابق کیوی کھلاڑی جان ریڈ کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
انگلینڈ کے کھلاڑی ہربرٹ سٹکلف طویل فارمیٹ میں تیز ترین 1000 رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے یہ کارنامہ 1925 میں آسٹریلیا کے خلاف صرف 12 اننگ میں انجام دیا تھا۔
میچ کی بات کریں تو اس میچ میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 438 رن بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ نے خبر لکھے جانے تک تیسرے دن لنچ تک 2 وکٹوں پر 245 رن بنا لیے ہیں۔ کین ولیمسن 19 اور ہنری نکولس 10 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر ٹام لیتھم نے 113 جبکہ کونوے نے عمدہ 92 رن بنائے۔