کراچی ٹیسٹ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا پر ختم

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 30th Dec.

کراچی ، 30دسمبر:کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کید رمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ ڈرا ہوگیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں میچ آخری لمحات میں پاکستانی کپتان نے مشکل مگر دلچسپ فیصلہ کیا ،جو شکست کی وجہ بننے سے پہلے ختم ہوگیا۔پاکستان نے آخری 15 اوورز میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا ،مہمان ٹیم نے 7 اعشار یہ 3 اوورز میں 1 وکٹ پر 61 رنز بنالیے تھے کہ میچ ڈرا کرنے کا اعلان کردیا گیا۔پاکستان نے آخری دن کے آخری لمحات میں 8 وکٹ پر 311 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی اور نیوزی لینڈ کو 138 رنز کا ہدف دیا، سعود شکیل نے ناقابل شکست 55 رنز کی باری کھیلی۔نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 77 رنز 2 کھلاڑی آؤٹ سے شروع کی اور آخری سیشن میں میچ کے اختتام سے 18 اوورز قبل نیوزی لینڈ کو دوسری باری کھیلنے کی دعوت دے دی۔پاکستان کی طرف سے آج امام الحق نے 96، سرفراز احمد نے 54 اور محمد وسیم نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ سعود شکیل نے 55 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ایک اینڈ سے امام الحق نے اپنی نصف سنچری مکمل کی تاہم دوسرے اینڈ سے کپتان بابر اعظم زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکے۔نیوزی لینڈ کے اسپن بولر اش سودھی نے 100 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ حاصل کی، انہوں نے بابر اعظم کو 14 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔چوتھی وکٹ گرنے کے بعد امام الحق نے سرفراز احمد کے ساتھ پارٹنرشپ قائم کی جس کے باعث پہلے سیشن کے اختتام پر پاکستان نے نیوزی لینڈ کی برتری ختم کرتے ہوئے 181 رنز بنالیے۔دوسرے سیشن کا آغاز پاکستان کے لیے اچھا ثابت نہ ہوسکا اور 185 رنز پر قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ کر گئی۔نیوزی لینڈ کے اسپن بولر اش سودھی نے سرفراز احمد کو 53 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔پہلی اننگ میں سنچری بنانے والے آغا سلمان دوسری اننگ میں ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔پاکستان کی 205 رنز پر چھٹی وکٹ بھی اش سودھی نے حاصل کی۔ انہوں نے آغا سلمان کو 6 رنز پر بولڈ کیا۔اش سودھی نے ایک رن کے اضافے کے بعد اوپنر امام الحق کو 96 رنز پر اسٹمپ آؤٹ کرادیا۔آخری سیشن کے دوران محمد وسیم اور سعود شکیل کے درمیان 71 رنز کی پارٹنرشپ نے قومی ٹیم سے شکست کا خطرہ کچھ حد تک دور کردیا ،تاہم ایک مرتبہ پھر اش سودھی نے اپنی ٹیم کے لیے کامیابی حاصل کرلی۔اش سودھی نے 277 کے اسکور پر پاکستان کی آٹھویں وکٹ حاصل کی، انہوں نے محمد وسیم کو 43 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔قومی ٹیم نے چوتھے دن دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنالیے تھے۔اس سے قبل پاکستان نے پہلی اننگز میں 438 رنز بنائے تھے جس کے بعد نیوزی لینڈ نے 9 وکٹ پر 612 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کی تھی۔