کراچی ٹیسٹ: پاکستان کا انگلینڈ کو جیت کیلئے 167 رنز کا ہدف

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th Dec.

کراچی ، 19 دسمبر: کراچی ٹیسٹ میں پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان کی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 216 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی، پہلی اننگز کے 50 رنز کے خسارے کے بعد انگلینڈ 167رنز کا ہدف دیا۔پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 54 اور سعود شکیل 53 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ عبداللّٰہ شفیق 26 اور شان مسعود 24 رنز بنا کر آ ؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے 5، جیک لیچ 3 جبکہ مارک ووڈ اور جو روٹ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے تیسرے دن عبداللّٰہ شفیق اور شان مسعود نے دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 21 رنز بغیر کوئی وکٹ نقصان سے کیا۔پاکستان کی پہلی وکٹ 53 رنز پر گری، جب شان مسعود 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کو جیک لیچ نے بولڈ کیا، اسی اوور میں انگلش بولر نے اظہر علی کو بھی صفر پر پویلین بھیج دیا۔جیک لیچ نے ایک رن کے اضافے کے بعد 54 رنز کے مجموعے پر عبداللّٰہ شفیق کو بھی آؤٹ کیا، وہ 26 رنز بنا سکے۔پاکستان کی چوتھی وکٹ 164 رنز، پانچویں 176 اور چھٹی وکٹ 177 رنز گری۔آؤٹ ہونے والے کھلاڑیوں میں بابر اعظم 54، محمد رضوان 7 اور سعود شکیل 53 رنز بنا سکے۔انگلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ریحان احمد نے تینوں کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی ساتویں وکٹ 178 رنز پر گری، فہیم اشرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کو جو روٹ نے آؤٹ کیا۔قومی ٹیم کی آٹھویں وکٹ 208 رنز پر گری، جب نعمان علی 15 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، 3 رنز کے اضافے کے بعد پاکستان کی نویں وکٹ 211 رنز پر گری۔محمد وسیم صرف 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ان کو ریحان احمد نے آؤٹ کیا۔پاکستان کی آخری وکٹ بھی ریحان احمد کے حصے میں آئی، انہوں نے آغا سلمان کو آ ؤٹ کیا اور اپنے کیریئر کی 5 وکٹیں بھی حاصل کر لیں۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے اس میچ میں قومی ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں بابر اعظم نے 78 اور آغا سلمان نے 56 رنز کی اننگز کھیلی تھی جبکہ اظہر علی نے 45 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 4 اور ڈیبیو کرنے والے نوجوان کھلاڑی ریحان احمد نے 2 وکٹیں حاصل کی تھیں۔انگلش ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 354 رنز بنائے تھے اور پاکستان پر 50 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔مہمان ٹیم کی جانب سے ہیری بروک نے 150 گیندوں پر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد 111 رنز بنائے تھے جبکہ بین فوکس نے 64 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔پاکستان کے احمد ابرار اور نعمان علی نے 4، 4 انگلش کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ ٹیسٹ میں ڈیبیو کرنے والے محمد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔