کراچی ٹیسٹ: پہلا دن ختم، پاکستان 304 پر آؤٹ، انگلینڈ نے بھی ایک وکٹ گنوایا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 17 th Dec.

کراچی ،17دسمبر:پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ کا پہلا دن اختتام پذیر ہوگیا۔ جہاں پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 304 رنز پر آل آؤٹ ہوئی وہیں انگلینڈ کی ٹیم بھی 7 رنز پر ایک وکٹ سے محروم ہوگئی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے عبداللہ شفیق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن یہ جوڑی اچھاآغاز فراہم کرنے میں ناکام رہی۔ قومی ٹیم کی پہلی وکٹ چھٹے اوور میں 18 رنز پر گر گئی جب عبداللّٰہ شفیق کو جیک لیچ نے 8 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔کچھ ہی دیر بعد 13ویں اوور میں پاکستان ٹیم کو 46 رنز پر دوسرا نقصان ہوا جب فاسٹ بولر مارک ووڈ نے شان مسعود کو 30 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔کپتان بابر اعظم اور اظہر علی نے 71 رنز کی پارٹنرشپ قائم کر کے اسکور 117 تک پہنچایا تو اس وقت فاسٹ بولر اولی رابنسن نے اظہر علی کو 45 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔دوسرے سیشن میں پاکستان کی چوتھی وکٹ 162 رنز پر گری جب سعود شکیل کو ریحان احمد نے 23 رنز پر کیچ آؤٹ کروایا۔ یہ ڈیبیو کرنے والے ریحان کے کیریئر کی پہلی وکٹ تھی۔کپتان بابر اعظم ایک اینڈ پر مضبوطی سے کھڑے رہے اور اس دوران انہوں نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی تاہم دیگر بیٹرز کے آؤٹ ہونے کا سلسلہ جاری رہا۔قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 196 رنز پر گری جب محمد رضوان 19 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔ تاہم اب آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان بابر اعظم ہی تھے جو 219 کے مجموعے پر 78 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں آغا سلمان نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر ٹیم کو 300 کے ہندسے تک پہنچایا۔ انہوں نے 56 رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹیل اینڈرز میں نعمان علی نے 20، محمد وسیم نے 8 اور ابرار احمد نے 4 رنز بنائے۔ پاکستان ٹیم کی اننگز 304 رنز پر اس وقت سمٹ گئی، جب ابرار احمد جیک لیچ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ 4 وکٹیں لے کر نمایاں رہے، دیگر کھلاڑیوں میں ریحان احمد نے 2 جبکہ اولی رابنسن، مارک ووڈ اور جو روٹ نے ایک ایک وکٹ لی۔انگلینڈ نے بھی پہلے روز تین اوورز کا سامنا کیا جہاں اس نے 7 رنز بنالیے جبکہ ایک وکٹ سے محروم ہوگئے۔ مہمان ٹیم کے زیک کراؤلی بغیر کوئی رن بنائے ابرار احمد کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔خیال رہے کہ سیریز کے آخری میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔امام الحق، محمد علی، زاہد محمود اور محمد نواز کی جگہ اظہر علی، نعمان علی، وسیم جونیئر اور شان مسعود کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس کے موقع پر بتایا کہ جیمز اینڈرسن کو آرام دیا گیا ہے اور ریحان احمد کو پہلا ٹیسٹ کھلا رہے ہیں۔بین اسٹوکس نے کہا کہ ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنا چاہتے تھے، سیریز تین صفر سے جیتنا ترجیح ہے۔انگلینڈ کے خلاف کراچی ٹیسٹ میچ میں ڈیبیو کرنے والے وسیم جونیئر کو کیریئر کا آخری میچ کھیلنے والے اظہر علی نے کیپ پہنائی۔واضح رہے کہ انگلینڈ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی جبکہ دوسرا ملتان میں کھیلا گیا تھا۔