ہندوستان کے خلاف چین-پاک ایک ساتھ ہیں: راہل

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27rd Dec.

نئی دہلی :26دسمبر (ایجنسی )کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا ہے کہ چین اور پاکستان دونوں ایک ساتھ ہندوستان کے خلاف ہیں اور جلد یا بدیر مل کر ملک پر حملہ کر سکتے ہیں اور ہمیں اس کے لئے تیاری کرنے کی ضرورت ہے۔ کل یعنی اتوار کو سابق فوجیوں کے ساتھ بات چیت میں راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان حکمت عملی کے اعتبار سے “انتہائی کمزور” ہے اور ہمیں ابھی کارروائی کرنی چاہیے ورنہ ہمیں “بڑا دھچکا” لگ سکتا ہے۔کانگریس کے سابق سربراہ نے کہا کہ گلوان اور ڈوکلام میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپوں کا سیدھا تعلق ہے اور یہ چین کی حکمت عملی کا ایک حصہ تھی کہ ہندوستان کو نشانہ بنایا جائے۔ واضح رہے چین کے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات بھی ہیں۔ راہل گاندھی نے پانچ منٹ کی ویڈیو میں کہا، “چین اور پاکستان ایک ہو چکے ہیں اور اگر جنگ چھڑتی ہے تو یہ صرف ایک کے ساتھ نہیں، بلکہ دونوں کے ساتھ ہوگی۔ ملک کو بہت بڑا دھچکا لگے گا۔ ہندوستان حکمت عملی کے اعتبار سے اب انتہائی کمزور ہے۔‘‘راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ہندوستان کی سرحدی صورتحال بین الاقوامی صورتحال سے منسلک ہے۔