Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Jan.
پٹنہ (پریس ریلیز) الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی میں آج اسکول کے ڈائریکٹر محمد انور اور دیگر اساتذہ کرام کے ہاتھوں اسکول کیلنڈر کا اجراء کیا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے استاد انظار احمد صادقؔ نے بتایا کہ اس بار کا کیلنڈر پچھلے تمام سالوں سے بالکل الگ ہے۔یہ کیلنڈر نہایت خوبصورت، دلکش اور دیدہ زیب ہے۔ اس کا کاغذ انتہائی نفیس اور طباعت بہت ہی عمدہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بار کا کیلنڈر چار پنوں پر مشتمل ہے۔ہر ورق قرآنی آیات سے مزین ہے۔دنیا اور آخرت کو سنوارنے والی منتخب قرآنی دعا نے کیلنڈر کو روحانیت سے قریب کردیا ہے۔
انظار احمد صادق نے کہا کہ سال کے ختم ہونے کے بعد اساتذہ اور طلبہ اس کیلنڈر کی منتخب آیات کی فریمنگ کرکے اپنے گھر کی دیواروں کو سجا سکتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسکول کے طلبہ و طالبات کو اسے رعایتی قیمت پر 50 روہے میں دیا جا رہا ہے۔ اسمبلی کی نظامت کرتے ہوئے سلمان غنی نے کہا کہ الحراء نے اسکول کیلنڈر کا اجراء کر کے ایک تاریخ رقم کی ہے۔الحراء کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ دوسروں کے لیے نقش قدم چھوڑتا ہے۔ اسکول سے اس قدر خوبصورت کیلنڈر کا اجراء اپنے آپ میں ایک منفرد بات ہے۔ کیلنڈر کا اجراء اسکول کے ڈائریکٹر محمد انور، فضل کریم قاسمی ، انظار احمد صادق اور حامد حسین ندوی کے ہاتھوں دیگر اساتذہ ٔ کرام کی موجودگی میں عمل میں آیا۔