Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 5th Jan.
نئی دہلی،5جنوری: سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا ہے کہ بھلے ہی انہوں نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا’ میں حصہ نہ لیا ہو، لیکن وہ جذباتی طور پر جڑے ہوئے ہیں۔ اکھلیش یادو نے کل یہاں آر سی او ایم آرکیٹیکچر نمائش کے دوران یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں شامل نہیں ہوا ہوں لیکن ان کے دورے سے جذباتی طور پر جڑا ہوں۔ میں انہیں اس یاترا کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے ایس پی صدر نے کہا کہ موجودہ حکومت کے وعدے کے مطابق زیادہ تر بے گھر لوگوں کو پکے مکان نہیں ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب غریبوں کو اچھے دن اور 15 لاکھ روپے نہیں ملیں گے تو انہیں گھر بھی نہیں ملیں گے۔اکھلیش یادو نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بھی 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ کیا تھا، جو ابھی تک پورا نہیں ہوا ہے۔ شہروں کی طرف نقل مکانی کے مسئلے کو ختم کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کو دیہات میں بھی مساوی سہولیات اور روزگار فراہم کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اسمارٹ شہروں کی ضرورت ہے۔ شہروں کی بڑھتی ہوئی آبادی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ہمیں وہی سہولیات دیہات میں فراہم کرنا ہوں گی تاکہ دیہی لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں اور انہیں شہروں کی طرف ہجرت نہ کرنا پڑے۔اکھلیش یادو نے کہا کہ حکومت کو ڈیزائنرز اور انجینئروں کے ساتھ بہتر کام کرنے کی ضرورت ہے۔