Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd Jan.
خدا بخش لائبریری میں عظیم شخصیات کی یاد تازہ کرنے اور ان کے کارناموں سے نئی نسل کو واقف کرانے کی روایت رہی ہے، اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے گذشتہ دنوںمختلف میدانوں کے عظیم شخصیات سوامی وویکانند، کیفی اعظمی، کملیشور، حسرت موہانی، پروین شاکر اور جاوید اختر پر کتابوں کی نمائش اور فلم شو کا انعقاد کیا گیا،جس کی شائقین نے بڑی پذیرائی کی۔آج تحریک آزادی کے ایک اہم ستون سبھاش چندر بوس پر کتابوں کی نمائش اور فلم شو کیا گیا۔سبھاش چندر بوس نے آزاد ہند فوج قائم کر تحریک آزادی کو ایک نئی سمت دی اور دیش کو آزادی دلانے کی راہ ہموار کی۔ ان کے یہ نعرے: ’’یاد رکھئے سب سے بڑا جرم ناانصافی سہنا اور غلط کے ساتھ سمجھوتہ کرنا ہے، تم مجھے خون دو، میں تمہیں آزادی دوں گا‘‘ بہت مشہور ہوئے۔اس موقع پر جو کتابیں نمائش میں لگائی گئیں، ان میں سبھاش چندر بوس اور آزاد ہند فوج، سبھاش ایک کھوج،Subhash Chandra Bose and freedom, Subhash a political biography, Netaji Subhash Chandra Bose and Indian freedom struggla، اور نیتا جی سبھاش چندر بوس کے نام قابل ذکر ہیں۔نمائش میں سبھاش چندر بوس کی اپنی رائٹنگ میں لکھے ان کے ایک خط کا عکس بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ ان کتابوں کی مدد سے سبھاش چندر بوس کے بارے میں مکمل واقفیت حاصل کی جا سکتی ہے۔