ریسلنگ فیڈریشن کے کام کاج کی نگرانی کے لیے حکومت نے نگران کمیٹی تشکیل دی، میری کوم سربراہ ہوں گی

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 23rd Jan.

نئی دہلی ، 23جنوری : وزارت کھیل نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی ) اور اس کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف پہلوانوں کے احتجاج کے بعدایک اوورسائٹ کمیٹی تشکیل دی ہے۔ یہ کمیٹی ریسلنگ فیڈریشن کے کام کاج کو دیکھے گی۔ اس کی سربراہ ملک کی مایہ ناز باکسر میری کوم ہوں گی۔
مرکزی وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ڈبلیو ایف آئی کے صدر اپنے عہدے پر کام نہیں کریں گے۔ ہم عالمی چیمپئن میری کوم کی سربراہی میں ایک اوورسائٹ کمیٹی تشکیل دے رہے ہیں، جس میں اولمپک میڈلسٹ یوگیشور دت، دروناچاریہ ایوارڈ یافتہ ترپتی مرگنڈے، ٹاپس سی ای او راجگوپالن، رادھا سریمن اس کے اراکین ہوں گے۔
اس سے قبل میری کوم کو انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے ) نے بھی اپنی انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا تھا۔ آئی او اے نے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔ آئی او اے حکام نے پہلوانوں کے الزامات کو سنگین سمجھتے ہوئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دی جس میں میری کوم کو کمیٹی کی چیئرپرسن منتخب کیا گیاتھا۔
واضح ہو کہ 30 سے زائد بھارتی پہلوانوں نے بدھ کودہلی کے جنتر منتر پر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر برج بھوشن سنگھ کے خلاف دھرنا شروع کیا تھااور ان پر کئی سنگین الزامات عائد کئے تھے۔ تاہم برج بھوشن نے ان الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے پہلوانوں پر الزام لگادیئے ۔ برج بھوشن کے الزامات کا پہلوانوں پر کوئی اثر نہیں ہوا اور احتجاج جاری رہا۔ اس دوران وزارت کھیل اور ریسلنگ فیڈریشن نے بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی لیکن تمام کوششیں ناکام ہوگئیں۔ پہلوان اپنے مطالبے پر ڈٹے رہے۔ آخر کار پہلوانوں کے سامنے برج بھوشن کی دائو پیچ کمزور پڑ گئے اور انہیں ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر کے عہدے سے عارضی طور پربرطرف کر دیا گیا۔
بدھ کی صبح شروع ہونے والا احتجاج تین دن تک جاری رہا۔ جمعہ کی رات پہلوانوں نے وزیر کھیل انوراگ ٹھاکر سے بات چیت کی اور برج بھوشن شرن سنگھ کو ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر کے عہدے سے عارضی طور پر ہٹا دیا گیا اور ان پر عائد کئے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی۔
اس کے بعد وزارت کھیل نے ہفتہ (21 جنوری) کو ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے اسسٹنٹ سکریٹری ونود تومر کوبھی معطل کر دیا۔ ونود تومر نے اسی دن صبح ریسلنگ ایسوسی ایشن کے صدر برج بھوشن شرن سنگھ کے حق میں بیان دیاتھا۔ ونود تومر کا ماننا ہے کہ برج بھوشن شرن سنگھ نے کوئی غلطی نہیں کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ الزامات بے بنیاد ہیں۔ ایسا کچھ نہیں ہے۔ تین چار دن ہوچکے ہیں اور وہ ابھی تک کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکے ہیں۔ میں پچھلے 12 سالوں سے ان کے ساتھ منسلک ہوں اور میں نے ایسا کچھ نہیں دیکھا۔