مصیبت کے وقت دوسروںکا کام آنا بڑی عبادت : ثناءاللہ ندوی ازہری

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 8th Jan.پٹنہ(پریس ریلیز):انسانوں کی بے لوث خدمت دلوں کو فتح کرنے کا موثر ترین ذریعہ ہی نہیں ، ایک مقدس فریضہ بھی ہے، جس کی ادائیگی کو اسلام نےلازم قرار دیا ہے۔ان خیالات کا اظہار جامعہ محمدیہ نیو عظیم آباد کالونی پٹنہ کے بانی ومہتمم اورجامع مسجد پیر بہوڑ کے امام وخطیب مولانا ثناءاللہ ندوی ازہری نے طلبا، اساتذہ، علمائے کرام ،ائمۂ مساجد اور ضرورت مندوں کے درمیان کمبل تقسیم کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بہار سمیت پورے شمالی ہند میں سردی کا قہر جاری ہے، سردی سے بڑی تعداد میں لوگوں کی اموات  بھی ہورہی ہیں،مصیبت کے وقت دوسروںکو کام آنا سب سے بڑی عبادت ہے۔انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت کو آگے آکر ضرورت مندوں کے درمیان گرم کپڑے اور کمبل تقسیم کرنا چاہئےتاکہ سردی کے موسم میں انہیں پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اللہ تعالیٰ نے کہا:اے ایمان والو !رکوع اور سجد ہ کرو اور اپنے رب کی عبادت کر تے رہو اور بھلا ئی کے کام کرو تاکہ تم فلاح پا سکو ۔مولانا ندوی نے کہا کہ قرآن مجید اوررسول اکرمﷺ کی تعلیمات وسیرت نے سکھایا ہے کہ سب سے اچھا اور بہترین انسان وہ ہے جو دوسروں کو فائدہ پہنچائے اورکسی کو تکلیف نہ دے۔غریبوں ، مسکینوں اور عام لوگوں کے دلوں میں خوشیاں بھرے، ان کی زندگی کے لمحات کو رنج وغم سے پاک کرنے کو کوشش کرے ،چند لمحوںکے لیے ہی سہی لیکن انہیں فرحت ومسرت اورشادمانی فراہم کرکے ان کے درد والم اورحزن وملال کو ہلکا کرے۔ اُنہیں اگر مدد کی ضرورت ہوتو اُن کی مدد کرے۔ اللہ کے پیارے حبیبﷺ نے ارشاد فرمایا : ’’بہترین انسان وہ ہے جودوسرے انسانوں کے لیے نافع ومفید ہو‘‘۔
انہوں نےاللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ ہرسال کی طرح امسال بھی جامعہ محمدیہ کے محبین اور مخلصین کے تعاون سے موسم سرما میں کمبل تقسیم کیا جاتا ہےاور جب تک لوگوں کا تعاون حاصل رہے گا یہ سلسلہ جاری رہے۔اس موقع پر جامعہ کے صدر مدرس اور بزرگ عالم دین مولانا عبدالجبارقاسمی، مولانا فخرالدین قاسمی، مولانا نعمت اللہ نعمانی، قاری ضمیرالدین ،کائنات مسرت، طلبا واساتذہ کے علاوہ بڑی تعداد میں جامعہ کے معاونین ومخلصین موجود تھے۔