وزیر اعظم شہباز شریف کی روسی وزیر توانائی سے ملاقات

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Jan.

اسلام آباد ،20جنوری:وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے روس کے وزیر توانائی نکولے شولگینوف کی قیادت میں وفد سے ملاقات کی۔لاہور میں ہونے والی ملاقات میں روس کے وزیر توانائی نے وزیر اعظم کو روسی صدر ولادی میر پیوٹن کا خصوصی پیغام پہنچایا۔صدر پیوٹن نے اپنے پیغام میں پاکستان کو جنوبی ایشیا اور عالم اسلام میں روس کا اہم پارٹنر قرار دیتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے لیے روس کی بھرپور دلچسپی کا اعادہ کیا۔شہباز شریف نے ستمبر 2022 میں سمرقند میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ اپنی ملاقات کا ذکرکرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات میں پاکستان اور روس کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے تھے۔وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی معاملات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے دونوں ممالک کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں اطراف نے دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ اس سلسلے میں روس سے پاکستان کو طویل المدتی بنیادوں پر تیل اور گیس کی فراہمی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ گیس پائپ لائنز سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔پاکستان اور روس نے توانائی، تیل اور گیس ، تجارت، سائنس وٹیکنالوجی، سرمایہ کاری، صنعت، معیشت اور زراعت سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کوفروغ دینے کیلئے مشاورت کوحتمی شکل دے دی ہے۔یہ مشاورت جمعرات کے روز اسلام آباد میں پاکستان اور روس کے تجارت، معیشت ، سائنس اور تکنیکی تعاون کے بارے میں بین الحکومتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے دوسرے روز کی گئی۔فریقین نے ان اجلاسوں کے معاہدے کے مسودے کو حتمی شکل دی معاہدے کے اس مسودے پر پاک روس بین الحکومتی کمیشن کے کل کے اجلاس میں دستخط کئے جائیںگے۔اس مشاورت کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور تعاون کی سطح کو بڑھانا ہے۔فریقین نے جاری مشاورت پر اطمینان کا اظہار کیا روسی وفد نے کہا مختلف شعبوں میں نمایاں پیشرفت ہوئی ہے جس کے ذریعے پاکستان اور روس کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے اور مستحکم کرنے کی راہ ہموار ہوگی۔