Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27th Jan.
نئی دہلی ، 27جنوری : پرتھوی شا، کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے ٹیم انڈیا میں واپسی ہوئی ہے۔ اس نوجوان بلے باز نے ہندوستانی ٹیم میں واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی بی سی سی آئی نے پرتھوی شا کا ویڈیو ٹویٹ کیا ہے۔ اس ویڈیو میں پرتھوی شا نے کہا کہ وہ طویل عرصے کے بعد ٹیم انڈیا میں واپسی کے بعد بہت خوش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری واپسی کے بعد میرے چاہنے والوں نے مجھے کئی کالز اور پیغامات نشر کئے۔ پرتھوی شا نے کہا کہ میری واپسی کے بعد میرے چاہنے والوں نے مجھے بہت فون کرنا اور میسج کرنا شروع کر دیا، اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ واقعی کیا ہوا اور کیاہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے بعد مجھے معلوم ہوا کہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم میں واپس آیا ہوں۔ وہیں ممبئی کے اس بلے باز نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے ٹیم سے باہر ہیں، یہ سفر میرے لیے آسان نہیں تھا ،لیکن میرے اردگرد موجود لوگوں نے بہت ساتھ دیا۔ جب میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں تھا، تب سے لوگ مجھے مسلسل سپورٹ کر رہے ہیں۔پرتھوی شا نے کہا کہ مجھے لوگوں کی حمایت اور محبت ملتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ میں ٹیم انڈیا کا حصہ رہوں ،یا نہ رہوں لیکن لوگ ہمیشہ میرے ساتھ رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مداحوں کے علاوہ مجھے ہمیشہ کوچنگ اسٹاف کے لوگوں کی حمایت حاصل رہی، تاہم میں ٹیم انڈیا میں واپس آیا ہوں۔ اس واپسی کے بعد بہت خوش ہوں۔ اہم بات یہ ہے کہ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ آج رانچی میں کھیلا جارہا ہے۔ اس سے قبل ہندوستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ کو 3 ون ڈے سیریز میں 3-0 سے شکست دی تھی۔