Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27th Jan.
نئی دہلی ، 27جنوری : ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے انڈر 19 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔ ٹیم انڈیا نے سیمی فائنل میچ میں نیوزی لینڈ کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ نیوزی لینڈ کی انڈر 19 ویمنز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 108 رنز کا ہدف دیاتھا۔جواب میں ٹیم انڈیا نے ہدف 14.2 اوور میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ انڈیا کی جانب سے شویتا سہروت نے طوفانی بیٹنگ کی۔ انہوں نے 10 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 61 رنز بنائے۔ہندوستانی ٹیم آئی سی سی انڈر 19 خواتین کے T20 ورلڈ کپ کے گروپ ڈی میں ہے۔ ٹیم انڈیا پوائنٹ ٹیبل میں سرفہرست ہے۔ سیمی فائنل میں ان کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے تھا۔ٹیم انڈیا نے سیمی فائنل میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 وکٹوں سے جیت حاصل کی۔ اب ہندوستانی ٹیم فائنل میچ 29 جنوری کو کھیلے گی۔خیال رہے کہ نیوزی لینڈ کی انڈر 19 ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 107 رنز بنائے۔ اس دوران جارجیا پلمر نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 35 رنز بنائے۔ انہوں نے 32 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 2 چوکے لگائے۔ اس دوران انڈیا کی جانب سے پارشوی چوپڑا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ انہوں نے 4 اوورز میں 20 رنز دے کر میڈن اوور بھی نکالا، کپتان شیفالی ورما نے بھی خطرناک بولنگ کی۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 7 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے ہدف 14.2 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شفالی اور شویتا ٹیم انڈیا کے لیے اوپننگ کرنے آئیں۔ اس دوران شفالی 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئیں۔ جبکہ شویتا نے تیز بلے بازی کرتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے 45 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکوں کی مدد سے 61 رنز بنائے۔ سومیا تیواری نے 26 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 22 رنز بنائے۔ انہوں نے 3 چوکے لگائے۔ تریشا 5 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔اہم بات یہ ہے کہ انڈر 19 خواتین کے T20 ورلڈ کپ میں ہندوستان کا سفر اب تک شاندار رہا ہے۔ ٹیم انڈیا نے پہلے میچ میں جنوبی افریقہ کو 7 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ اس کے بعد اپنے دوسرے میچ میں یو اے ای کو 122 رنز سے شکست ہوئی۔ ٹیم انڈیا نے اسکاٹ لینڈ کو 83 رنز سے ہرایا۔ تا ہم آسٹریلیا کیخلاف 7 وکٹوں سے شکست کا منہ دیکھنا پڑاتھا۔