Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24th Jan.
اسلام آباد ،24جنوری :پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بنگلہ دیش پریمئر لیگ (بی پی ایل) کھیلنے والے کھلاڑیوں کو وطن واپس بلا لیا۔پی سی بی کے مطابق پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کو واپس بلایا گیا ہے۔پی سی بی کا اس حوالے سے دلیل دی ہے کہ فرنچائزز کی درخواست پر کھلاڑیوں کووطن واپس بلایا گیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق کھلاڑیوں کو 2 فروری تک واپس آنے کا کہا گیا ہے۔ فرنچائزز پی ایس ایل کے لیے کھلاڑیوں کو تازہ دم اور مکمل تیار دیکھنا چاہتی ہیں۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کی ٹیموں میں شامل کھلاڑیوں کو 8 فروری تک اجازت دی گئی تھی۔بنگلہ دیش پریمئر لیگ میں وہاب ریاض، حارث رؤف، محمد رضوان، افتخار احمد ، محمد نواز،نسیم شاہ، خوشدل شاہ، اعظم خان اور دیگرکھلاڑی شامل ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے شیڈول کا اعلان پہلے ہی کیا جا چکا ہے، ایونٹ 13 فروری سے شروع ہو گا۔پی ایس ایل 8 کا افتتاحی میچ دفاعی چمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان ملتان اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔