Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 20th Jan.
نئی دہلی،20جنوری:ہندوستانی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف 3 ون ڈے سیریز کھیل رہی ہے۔ اس سیریز کے پہلے میچ میں ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 12 رنز سے شکست دی تھی۔ اس طرح ٹیم انڈیا سیریز میں 1-0 سے آگے ہے۔ نیز اس سیریز کا دوسرا ون ڈے 21 جنوری کو رائے پور میں کھیلا جائے گا۔ تاہم رائے پور ون ڈے میچ سے قبل سابق کھلاڑی روی شاستری نے کوہلی کو ایک اہم مشورہ دیا ہے۔ دراصل، ہندوستانی ٹیم کے سابق کوچ کا ماننا ہے کہ وراٹ کوہلی کو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ون ڈے میں نہیں کھیلنا چاہیے۔روی شاستری نے کہا کہ وراٹ کوہلی کو نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرا ون ڈے کھیلنے کے بجائے رانجی ٹرافی کھیلنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میرا ہمیشہ سے یہ ماننا ہے کہ آپ کو فرسٹ کلاس کرکٹ زیادہ سے زیادہ کھیلنی چاہیے۔ خاص طور پر جب آپ کو ہندوستانی سرزمین پر زیادہ سے زیادہ میچ کھیلنا ہوں۔ میں جانتا ہوں کہ بڑے کرکٹرز فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتے ۔ انہوں نے کہا کہ آپ رسک نہیں لینا چاہتے ،لیکن بعض اوقات آپ کو جرات مندانہ قدم اٹھانا پڑتا ہے، آپ کو قربانیاں بھی دینی پڑتی ہیں۔روی شاستری نے لٹل ماسٹر سچن تندولکر کی مثال دی۔ انہوں نے کہا کہ تقریباً 25 سال قبل سچن تندولکر نے آسٹریلیا کیخلاف ہوم سیریز سے قبل فرسٹ کلاس میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے بعد انہوں نے آسٹریلیا کیخلاف ڈبل سنچری بنائی۔ اس کے بعد تقریباً 2 ماہ میں سچن تندولکر نے آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ اور ون ڈے فارمیٹس کو ملا کر 1000 سے زیادہ رنز بنائے،تاہم ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کیخلاف 4 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ اس سیریز کا پہلا میچ 9 فروری سے ناگپور میں کھیلا جائے گا۔