Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Jan.
شملہ، 25 جنوری : ہماچل پردیش کے لاہول اور اسپتی، چمبہ، کنور، شملہ اور کلّو اضلاع میں تازہ برف باری سے 265 سڑکیں بند ہوگئیں، جب کہ ریاست کے کئی دیگر حصوں میں بدھ کو شدید بارش ہوئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں کم سے کم درجہ حرارت میں تین سے پانچ ڈگری کا اضافہ ہوا ہے۔ کیلونگ ریاست کا سب سے سرد مقام تھا، جہاں رات کے وقت کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.7 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مقامی دفتر نے 30 جنوری تک علاقے میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ کے مطابق جمعہ کی رات سے ایک اور ویسٹرن ڈسٹربنس علاقے کو متاثر کرے گا۔برف باری کی وجہ سے لاہول اور سپتی میں 139 سڑکیں، چمبہ میں 92، شملہ اور کلو میں 13، منڈی میں تین اور کانگڑا ضلع میں دو سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ ان میں روہتانگ پاس کے قریب نیشنل ہائی وے 3، جلوری پاس کے قریب نیشنل ہائی وے 305 اور گرامفو سے لوسر تک نیشنل ہائی وے 505 شامل ہیں۔گونڈلا میں 50.5 سینٹی میٹر، سلونی میں 46 سینٹی میٹر، کوکمسری میں 32 سینٹی میٹر، بھرمور میں 30 سینٹی میٹر، کیلونگ میں 23 سینٹی میٹر، ہنسا میں 20 سینٹی میٹر، کوٹھی میں 10 سینٹی میٹر، کھدرالا اور سانگلہ میں 8 سینٹی میٹر، کلپا اور شیلارو میں 5 سینٹی میٹر، چوپال، نرکنڈہ اور پوہ میں 3 سینٹی میٹر اور کفری میں 1 سینٹی میٹر برف باری ہوئی۔جبکہ نگروٹہ سوریاں میں 90 ملی میٹر بارش ہوئی۔ اس کے بعد چمبا میں 73 ملی میٹر، گلیر میں 69 ملی میٹر، دھرم شالا میں 68 ملی میٹر، گلیانی میں 60 ملی میٹر، اونا میں 50 ملی میٹر، پالم پور میں 40 ملی میٹر اور حمیر پور میں 28 ملی میٹر بارش ہوئی۔اس مہینے کے آخر تک دوبارہ بارش کی پیشین گوئی کے ساتھ، منڈی ضلع کے کسانوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ پانی جمع ہونے سے محتاط رہیں۔