ہم کرپوری جی کے بتائے ہوئے راستے پر چل رہے ہیں: نتیش کمار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24th Jan.

سمستی پور مورخہ 24 جنوری  (محمد خورشید عالم ) وزیر اعلیٰ نتیش کمار منگل کو جن نائک کرپوری ٹھاکر کی جائے پیدائش کرپوری گرام پہنچے۔ جہاں سابق وزیر اعلیٰ جن نائک کرپوری ٹھاکر کے یوم پیدائش پر منعقد پروگرام میں شرکت کی۔ کرپوری ٹھاکر کا یوم پیدائش 24 جنوری کو سرکاری تقریب کے طور پر منایا جاتا ہے۔ کرپوری گرام میں کرپوری ٹھاکر کی آبائی رہائش گاہ اسمرتی بھون میں ایک کل مذاہب دعائیہ تقریب اور آرتی کا پروگرام ہوا۔ جس میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے شرکت کی۔اس موقع پر نائب وزیر اعلی تیجسوی یادو، وزیر خزانہ وجئے کمار چودھری، راجیہ سبھا ممبر رام ناتھ ٹھاکر، اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر مہیشور ہزاری، ریونیو اور لینڈ ریفارمز کے وزیر آلوک مہتا، ایم ایل اے اختر الاسلام شاہین، رنوجے ساہو، بی جے پی ایم ایل اے راجیش سنگھ، سی پی ایم ایم ایل اے اجے کمار کے ساتھ کئی لیڈران موجود تھے۔ جن نائک کرپوری ٹھاکر کے 99ویں یوم پیدائش کے موقع پر بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار اور نائب وزیر اعلی تجسوی یادو سمستی پور کے کرپوری گرام میں واقع اسمرتی بھون پہنچے۔ جہاں ان کی آئل پینٹنگ پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا گیا وہیں کرپوری گرام میں کھلے نئے تھانہ کا افتتاح بھی وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے کیا۔ اس کے ساتھ ہی گوکل کرپوری  پھولیشوری ڈگری کالج میں مجسمہ پر پھول چڑھانے کے بعد پٹنہ کے لیے روانہ ہوئے۔ اس موقع پر نتیش کمار نے کہا کہ ان کا یوم پیدائش پٹنہ سمیت کئی مقامات پر منایا جاتا ہے۔ 1990 سے ہر سال وہ  انکے آبائی گاؤں پہنچ کر ایک سرکاری تقریب کے طور پر ان کی یوم پیدائش منا رہے ہیں۔ ہم اس کے بتائے ہوئے راستے پر چل رہے ہیں۔ اس کے کیے ہوئے کام لوگوں کو یاد ہیں۔ کرپوری ٹھاکر کے لیے احترام کا جذبہ ہے۔ ہم ان کی باتوں پر عمل کرنے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے غریبوں کی بہتری اور بہار کی ترقی کے لیے کام کیا۔ ان کی بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہم کام کر رہے ہیں۔ پھر چند اشاروں میں نتیش کمار نے اوپیندر کشواہا پر طنز کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے صرف ڈھائی سال میں بغیر کسی وجہ کے احتجاج کرکے خود کو الگ کرلیا۔ وہ دو سال میں کیا کیا کرنے لگے۔