طوفانی بارش کے 24 گھنٹے، دبئی پولیس نے ریسکیو کے لیے 16610 کالز پر ریسپانس کیا

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 28th Jan.

ابوظہبی ،28جنوری:متحدہ عرب امارت میں اس ہفتے کے دوران شدید بارش کے دوران پیش آنے والے حادثات اور ایمر جنسی کے واقعات کے سلسلے میں صرف 24 گھنٹوں کے دوران دبئی پولیس نے 16610 ایمر جنسی کالز پر ریسپانس کر کے شہریوں کی مدد کی ہے۔یہ ایمر جنسی کالز بدھ کی دوپہر بارہ بجے سیجمعرات کی دوپہر بارہ بجے کے درمیان موصول ہوئیں۔ بارش متاثرہ شہریوں اور حادثات کا شکار ہونے والوں نے اس سلسلے میں 999 پر 15286 کالز کر کے پولیس کی مدد چاہی جبکہ 1324 کالز براہ راست پولیس کی ہیلپ لائن 901 پر موصول ہوئیں۔دبئی پولیس میں کمانڈ ایند کنٹرول سنٹر کے قائم مقام ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل بلال طایر نے کہا ہے شدید طوفانی بارش کے دوران پولیس شہریوں کی مدد کے لیے ہمہ وقت دستیاب رہی۔انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں دبئی پولیس شہریوں کی کال پر حاضر ہو گی۔ تاہم انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنی مصروفیات اور سفر پر نکلنے کے لیے موسم کے ‘اپ ڈیٹس’ سے آگاہی کا اہتمام کریں۔لیفٹیننٹ کرنل بلال طایر کے مطابق اگر خدا نخواستہ کو ایمر جنسی ہو جائے تو 999 پر فون کریں جبکہ پولیس سے کسی قسم کی معلومات کے لیے 901 پر کال کریں۔واضح رہے بدھ اور جمعرات کے روز تو امارات میں بارش انتہائی طوفانی شکل اختیار کر گئی تھی۔ جمعہ کے روز کے لیے بھی پیش گوئی کی گئی تھی۔اس دوران سکولوں کو فاصلاتی تعلیم کے’موڈ ‘ میں لے جانا پڑا اور کئی روڈ بند کر دیے گئے تاکہ حادثوں سے بچا جا سکے۔