غرب اردن میں کشیدگی: امریکی وزیر خارجہ کا فلسطین اور اسرائیل کا دورہ

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 27th Jan.

یروشلم،27جنوری:فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی منظم کارروائی میں نو فلسطینیوں کی شہادت کے واقعے کے بعد امریکا نے فریقین سے صبر وتحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔دوسری طرف امریکی وزیرخارجہ انٹینی بلنکن آئندہ ہفتے مصر، مقبوضہ مغربی کنارے اور اسرائیل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ اسرائیلی آپریشن کے نتیجے میں تشدد کے خاتمے پر زور دیں گے۔ اس کارروائی میں کم سے کم نو فلسطینی شہید اور دو درجن کے قریب زخمی ہو چکے ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ بلنکن اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کریں گے اور دونوں فریقوں پر کشیدگی کم کرنے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیں گے، تاکہ تشدد کو ختم کر کے معصوم جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق بلنکن کا دورہ اتوار 29 جنوری کو شروع ہو گا اور منگل 31 جنوری تک جاری رہے گا۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں مزید کہا کہ وزیر خارجہ یوکرین اور ایران کے ساتھ جنگ، فلسطین- اسرائیل تعلقات اور دو ریاستی حل کو برقرار رکھنے سمیت دیگر مسائل پر خطے کے اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ بلنکن قاہرہ میں سوڈان اور لیبیا کے معاملات اور غزہ میں ہونے والی پیش رفت اور اسرائیل میں ایران اور اس کے جوہری ہتھیاروں کی تیاری کی روک تھام کی فائل پر بات کریں گے۔امریکی وزیر خارجہ ایک ایسے وقت میں مشرق وسطیٰ کے دورے کا اعلان کیا ہے کہ جب اسرائیلی فوج نیکل جمعرات کو مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی علاقے جنین میں ایک فوجی آپریشن کے دوران نو فلسطینیوں کو شہید کر دیا تھا۔