نورا فتحی نے مراکش میں گھر خریدنے کے لئے کروڑوں روپئے لئے تھے

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24th Jan.

گینگسٹر سکیش چندر شیکھر سے متعلق معاملہ زور پکڑ رہا ہے۔ سکیش چندر شیکھر معاملے میں روز نئے نئے انکشافات ہو رہے ہیں جس نے لوگوں کو بھی حیران کر دیا ہے۔ نورا فتحی نے سکیش چندر شیکھر کے بارے میں دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اداکارہ کو ان کی گرل فرینڈ بننے کے بدلے رقم کی پیشکش کی تھی لیکن اب خود سکیش نے ان دعوؤں پر خاموشی توڑتے ہوئے بتایا ہے کہ نورا نے ان سے پیسے لے کر مراکش میں ایک گھر خریدا تھا۔ یہی نہیں اس نے نورا کے بارے میں کئی چونکا دینے والے انکشافات کئے ہیں جس میں اس نے بتایا ہے کہ اداکارہ نے ان سے کروڑوں روپئے لئے ہیں۔
سکیش چندر شیکھر نے نورا فتحی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ آج وہ کہتی ہیں کہ میں نے انہیں گھر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن وہ مراکش میں گھر خریدنے کے لئے مجھ سے پہلے ہی کافی رقم لے چکی ہیں۔ یہ ساری کہانی نورا نے خود ہی ای ڈی کے چنگل سے بچنے کے لئے وضع کی ہے۔
سکیش نے نورا فتحی کے بارے میں انکشاف کرتے ہوئے کہا ’’نورا نے دعویٰ کیا تھا اسے کار نہیں چاہیے تھی اور اس نے کار اپنے لئے نہیں لی تھی، یہ سب جھوٹ ہے۔ وہ میرے پیچھے پڑی تھیں کیونکہ انہیں اپنی کار بدلنی تھی۔ چیٹ اور اسکرین ساٹ ای ڈی کے پاس ہیں تو اس میں تو کوئی جھوٹ ہے ہی نہیں۔ میں انہیں رینج اوور دینا چاہتا تھا لیکن وہ اسٹاک میں نہیں تھی۔ نورا کو کار لینے کی جلدی تھی، اس لئے میں نے انہیں بی ایم ڈبلیو دی جس کا وہ طویل عرصے سے استعمال کر رہی ہیں۔ میرے اور نورا میں کبھی بھی کام کو لے کر کوئی ٹرانزیکشن نہیں ہوا ہے‘‘۔