پولیس نے سماجوادی پارٹی کے رکن اسمبلی شاہد منظور کے بیٹے نوازش کو کیا گرفتار

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th Jan.

لکھنؤ،25جنوری: اتر پردیش کے لکھنؤ میں وزیر حسن روڈ پر واقع 5 منزلہ علایہ اپارٹمنٹ کے گرنے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سابق وزیر اور سماجوادی پارٹی کے کٹھور (میرٹھ) سے رکن اسمبلی شاہد منظور کے بیٹے نوازش شاہد کو حراست میں لے لیا ہے۔ یہ اپارٹمنٹ شاہد منظور کے بھتیجے محمد طارق اور بیٹے نوازش شاہد نے خریدا تھا۔ پولیس نے شاہد منظور کے بیٹے نوازش کو حراست میں لے کر ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی اور انہیں دیر رات گئے تقریباً ڈیڑھ بجے لکھنؤ لایا گیا۔ علایہ اپارٹمنٹ یزدان بلڈرز نے تعمیر کیا تھا۔خیال رہے کہ اس اپارٹمنٹ کا نام سابق وزیر شاہد منظور کی پوتی علایہ کے نام پر رکھا گیا ہے، جو نوازش شاہد کی بیٹی ہے۔ شاہد منظور میرٹھ کے کٹھور سے چوتھی مرتبہ رکن اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔ اس حادثے میں سماجوادی پارٹی کے ترجمان عباس علی حیدر کی والدہ اور اہلیہ سمیت اب تک 5 لوگوں کی موت ہو چکی ہے، جبکہ تقریباً 15 لوگوں کو ملبے سے نکالا جا چکا ہے۔ منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے اب بھی دو افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ اس 5 منزلہ عمارت کے گرنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہے، تاہم اس کی وجہ گزشتہ روز آنے والا زلزلہ ہو سکتا ہے۔یاد رہے کہ منگل کی سہ پہر دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ ریکٹر اسکیل پر اس کی شدت 5.8 ناپی گئی اور اس کا مرکز نیپال میں تھا۔ اس 5 منزلہ عمارت میں تقریباً 16 فلیٹس تھے اور سب سے اوپر پینٹ ہاؤس موجود تھا۔ خدشہ ہے کہ ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق یہ واقعہ شام 6.45 بجے کے قریب پیش آیا۔ عمارت گرنے کی جگہ پر تعینات پولیس اہلکاروں کو غمزدہ لواحقین کو قابو کرنے کے لیے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔ادھر لکھنؤ کی ڈویزنل کمشنر ڈاکٹر روشن جیکب نے لکھنؤ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ حضرت گنج میں وزیر گنج حسن روڈ پر واقع علایہ اپارٹمنٹ کے گرنے کے بعد عمارت کے مالکان محمد طارق اور نوازش شاہد کے علاوہ اس اپارٹمنٹ کو تعمیر کرنے والے ’یزدان بلڈرز‘ کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ لکھنؤ میں یزدان برڈرز کی طرف سے تعمیر کی گئی دیگر عمارتوں کی نشاندہی کر کے ان کی تحقیقات کرائیں اور اگر کوئی عمارت غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی ہے تو اسے گرانے کا عمل شروع کیا جائے۔