کپتان شرمانے سنچری کی خشک سالی ختم کی، اندور میں لگائی 30 ویں ونڈے سنچری

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 24th Jan.

نئی دہلی،24جنوری : انڈیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا آخری میچ اندور میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ میں ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف جیت کے لیے 386 رنز کا ہدف رکھا ہے۔ تاہم اس سیریز کے پہلے دو میچ جیت کر ہندوستانی ٹیم نے 2-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ ٹیم انڈیا اندور ونڈے جیت کر نیوزی لینڈ کو سیریز میں کلین سویپ کرنا چاہے گی۔ دوسری جانب اس میچ کی بات کریں تو نیوزی لینڈ کے کپتان ٹام لیتھم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم کے دونوں اوپنرز نے سنچری اسکور کرڈالی۔روہت شرما نے تقریباً 3 سال بعد ون ڈے فارمیٹ میں سنچری بنائی ہے۔اس سے قبل، ہندوستانی کپتان نے آخری بار آسٹریلیا کے خلاف 19 جنوری 2020 کو سنچری بنائی تھی۔ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان یہ میچ بنگلور میں کھیلا گیا۔ اس کے بعدروہت شرما ون ڈے فارمیٹ میں سنچری کا ہندسہ عبور نہیں کر سکے۔ تاہم اس کے بعد انہوں نے 5 مرتبہ نصف سنچری کا ہندسہ ضرور عبور کیا، تاہم روہت شرما نے آج اندور میں 3 سال کی خشک سالی کا خاتمہ کردیا۔ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے 85 گیندوں میں 101 رنز بنائے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 9 چوکے اور 6 چھکے لگائے۔ یہ روہت شرما کے ون ڈے کیریئر کی 30ویں سنچری ہے۔ ہندوستانی کپتان نے ونڈے فارمیٹ میں سنچری بنانے میں سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور سری لنکن بلے باز سنتھ جے سوریا کی برابری کر لی ہے۔ دونوں سابق تجربہ کاروں کے نام ونڈے فارمیٹ میں 30-30 سنچریاں ہیں۔ تاہم روہت شرما جیسے ہی ونڈے فارمیٹ میں ایک اور سنچری اسکور کریں گے، رکی پونٹنگ اور سنتھ جے سوریا کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔وہیں ون ڈے فارمیٹ کی تاریخ میں سابق ہندوستانی بلے باز سچن تندولکر نے سب سے زیادہ مرتبہ سنچری کا ہندسہ عبور کیا ہے۔سچن ون ڈے فارمیٹ میں 49 سنچریاں درج ہیں۔ وہ اس فہرست میں سب سے اوپر ہے۔ جبکہ کوہلی اس معاملہ میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ کوہلی نے ون ڈے فارمیٹ میں 46 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ جب کہ روہت شرما، رکی پونٹنگ اور سنتھ جے سوریا نے 30-30 سنچریاں اسکور کی ہیں۔ اندور ون ڈے کی بات کریں تو ہندوستانی ٹیم نے 50 اوورز میں 9 وکٹوں پر 385 رنز بنائے ہیں، اس طرح نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کلین سویپ سے بچنے کے لیے 386 رنز درکار ہیں۔تادم ِ تحریر نیوزی لینڈ نے 2وکٹ گنواکر 18اوور میں 125رنز بنالئے ہیں ۔ کانوے 66پر اور مشیل 13رن پر بیٹنگ کر رہے ہیں ۔