Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 25th March
سرینگر،25مارچ :جموں و کشمیر کے سانبہ کے علاقے باری بھرمنا میں ہفتہ کے روز ایک فیکٹری میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور چار دیگر افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس نے دھماکے میں دہشت گردی کے زاویے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اسکریپ فیکٹری میں ایک پرانا مارٹر گولہ پھٹنے سے ہوا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ اسکریپ فیکٹری کے اندر پیش آیا۔ پولیس نے مزید کہا کہ یہ سکریپ کے اندر کچھ مواد کی وجہ سے ہوسکتا ہے لیکن فی الحال کسی امکان کو رد نہیں کیا جا رہا ہے۔ زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی ہے اور معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔جنوبی کشمیر کے پلوامہ کے متری گام علاقے میں ہفتہ کی صبح دہشت گردوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان مختصر تصادم ہوا۔ جموں و کشمیر پولیس نے کہا کہ علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق مخصوص اطلاعات کی بنیاد پر گاؤں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی گئی جس کے نتیجے میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔حکام کے مطابق یہ تصادم مختصر تھا اور اس میں مزید اضافہ نہیں ہوا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ محاصرہ برقرار ہے انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک دونوں طرف سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔بتایا جاتا ہے کہ جیسے ہی سیکورٹی فورسز جائے وقوعہ کے قریب پہنچی، دہشت گردوں نے جو مبینہ طور پر علاقے میں چھپے ہوئے تھے۔ان پر فائرنگ شروع کردی جس کے بعد انہیں جوابی کارروائی کرنے پر مجبور کردیا۔