راولپنڈی ایکسپریس کی پیشین گوئی ، کوہلی 110 سنچریاں لگاسکتے ہیں

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 16th March

کراچی ،16مارچ: سابق پاکستانی فاسٹ بولریعنی راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختراپنے بیان سے مداحوں میں دل جیتتے رہتے ہیں ۔ اب شعیب اختر نے کوہلی کے بارے میں پیشین گوئی کی ہے اور بتایا ہے کہ کوہلی اپنے کریئر میں کتنی سنچریاں اسکور کر پائیں گے۔ دراصل کوہلی نے آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں 186 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور اپنے بین الاقوامی کیریئر کی 75 سنچریاں مکمل کر لیں۔ایسے میں شعیب اختر نے کوہلی کی سنچریوں کے بارے میں بات کی اور امید ظاہر کی کہ جب کوہلی اپنا کیریئر ختم کریں گے تو ان کے پاس 110 سے زائد سنچریاں ہوں گی۔شعیب اختر نے مزید کہا کہ کوہلی کو فارم میں واپس آنا ہی تھا، یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔ ان پر کپتانی کا دباؤ تھا، آخر وہ اب ذہنی طور پرمکمل طور پر آزاد ہیں۔ اب وہ توجہ کے ساتھ کھیل ر ہے ہیں اور مستقبل میں بھی کھیلتے رہیں گے۔ مجھے ان پر پورا بھروسہ ہے کہ وہ 110 سنچریاں اسکور کریں گے اور سچن تندولکر کا 100 بین الاقوامی سنچریوں کا ریکارڈ توڑ یں گے۔ واضح ہو کہ سچن تندولکر دنیائے کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے واحد بلے باز ہیں۔ سچن نے بین الاقوامی کرکٹ میں کل 100 سنچریاں بنائی ہیں۔ کوہلی اب 75 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ اگر کوہلی اسی طرح سنچریاں بناتے رہے تو یقینا وہ دن دور نہیں جب وہ سچن کا ریکارڈ توڑ دیں۔ایشیا کپ 2022 میں افغانستان کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میں سنچری بنا کر کوہلی فارم میں واپسی کاعندیہ پیش کیا تھا۔ اس کے بعد وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 5 سنچریاں بنا چکے ہیں۔