Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th March
نئی دہلی، 19 مارچ:دہلی پولیس کے اسپیشل کمشنر ساگر پریت ہڈا اتوار کو کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کی دہلی میں رہائش گاہ پہنچے، جہاں چند گھنٹوں کے انتظار کے بعد انہوں نے سری نگر میں دیے گئے اپنے بیان کے حوالے سے کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کو نوٹس سونپا۔ راہل گاندھی نے نوٹس کا جواب دینے کے لیے وقت مانگا ہے۔اسپیشل سی پی (لا اینڈ آرڈر) ساگر پریت ہڈا نے اتوار کو کہا، ’’ہم راہل گاندھی سے بات کرنے آئے ہیں۔ راہل گاندھی نے 30 جنوری کو سری نگر میں بیان دیا تھا کہ وہ یاترا کے دوران کئی خواتین سے ملے۔ خواتین نے انہیں بتایا کہ ان کی عصمت دری کی گئی ہے۔ ہم ان سے تفصیلات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ متاثرین کو انصاف مل سکے۔ہڈا نے بتایا کہ انہوں نے ایم پی راہل گاندھی سے ملاقات کی ہے اور انہوں نے بتایا کہ سفر طویل تھا اور سفر کو مکمل ہوئے کافی وقت ہو گیا ہے۔ انہیں یہ سب دوبارہ دہرانا ہوگا۔ راہل نے یقین دلایا کہ وہ جلد ہی اس کا جواب دیں گے۔ پولیس جواب ملنے کے بعد مزید کارروائی کرے گی۔قابل ذکر ہے کہ راہل گاندھی نے 30 جنوری کو سری نگر میں اپنی بھارت جوڑو یاترا کے دوران کہا تھا کہ انہوں نے یاترا کے دوران کئی خواتین کو روتے ہوئے دیکھا، جنہوں نے انہیں بتایا کہ ان کی عصمت دری ہوئی ہے۔ راہل کے اس بیان پر نوٹس جاری کرتے ہوئے دہلی پولیس نے ان سے کہا ہے کہ وہ ہمیں ان تمام خواتین کے بارے میں بتائیں تاکہ ہم کارروائی کر سکیں۔پولیس نے یہ سوالات راہل گاندھی سے پوچھے۔یہ بات خواتین نے کب اور کس جگہ آپ سے مل کر بتائی تھی ؟ کیا وہ خواتین کو پہلے سے جانتے تھے؟، کیا آپ کے پاس ان خواتین کے بارے میں معلومات ہیں؟، کیا آپ کا جو بیان سوشل میڈیا پر ہے آپ اس کی تصدیق کرتے ہیں ؟ اور کیا خواتین نے کسی خاص واقعے کے بارے میں معلومات بھی دیں۔ دہلی پولیس جنسی حراسانی متاثرہ کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لئے نوٹس کے سلسلے میں اسپیشل سی پی، ایم پی راہل گاندھی کی رہائش گاہ پہنچی تھی۔دہلی پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ اس سے قبل بدھ کو نوٹس لینے کے بعد وہ راہل گاندھی سے ملنے گئے تھے لیکن تین گھنٹے انتظار کرنے کے بعد بھی راہل گاندھی ان سے نہیں ملے۔
اس کے بعد جمعرات کو سینئر افسران دوبارہ ان سے ملنے گئے، ان سے بات کرنے کے لیے وقت مانگا، لیکن راہل گاندھی نے کہا کہ ان کے پاس وقت نہیں ہے۔ اس کے بعد پولیس نے راہل گاندھی کو نوٹس جاری کیا۔ پولیس نے راہل گاندھی سے نوٹس کا جلد از جلد جواب دینے کو کہا تھا، تاکہ پولیس اس معاملے میں اپنی تحقیقات کو آگے بڑھا سکے۔