ٹی۔رضا ہائی اسکول کی 31ویں سالانہ تقریب کا شاندار انعقاد

Taasir Urdu News Network – Syed M Hassan 19th March

پٹنہ ( پریس ریلیز ) راجدھانی کے مشہور ومعروف ٹی رضا ہائی اسکول کی اکتیسویں سالانہ تقریب کااتوارکو شاندار انعقاد کیا گیا۔ اشوک کنونشن سنٹر ( باپو سبھا گار) میں منعقد تقریب کا افتتاح پٹنہ کی میئر سیتا ساہو، ایم ایل اے شکیل احمد خان ، مشہور معالج ڈاکٹر احمد عبد الحئی اور پرائیویٹ اسکول چلڈرن اینڈویلفیئر اسکول ایسوسی ایشن کے قومی صدرشمائل احمد نے مشترکہ طور پر شمع روشن کرکے کیا ۔ سبھی مہمانوں نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے ٹی رضا ہائی اسکول کی کارکردگی کی ستائش کی اور کہا کہ اس اسکول نے 31 سال میں بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم فراہم کرکے نہ صرف پٹنہ بلکہ پوری ریاست اور ملک میں اپنی جداگانہ شناخت بنالی ہے ۔اس اسکول کی شناخت معیاری اور عمدہ تعلیم کیلئے ہے۔ شمائل احمد نے کہا کہ اگر پورے ملک میں ٹاپ 100 اسکولوں کی فہرست تیار کی جائے تو اس میں ٹی رضا ہائی اسکول کا نام بھی شامل ہوگا ۔ اس اسکول سے فارغ بچے نہ صرف ملک بلکہ بیرون ملک میں بھی پھیلے ہوئے ہیں اور اعلی عہدوں پر کام کر رہے ہیں ۔ تقریب میں ننھے منے بچوں نے دلکش ثقافتی پروگرام پیش کئے ۔ خاص کر قوالی’’ میرا دشمن ہے جانے کیوں زمانہ ۔ ہم سب کو ہے پڑھ کے اب دکھانا‘‘ پر شاندار پرفارمنس کرکے خوب داد تحسین حاصل کی ۔ بچوں نے ماں- باپ اور گارجین کے احترام پر مبنی دل کو چھو لینے والے ناٹک پیش کرکے احترام والدین کا ایک سبق آموز پیغام دیا۔اس کے علاوہ داداجی کی چھادی ، لوکاچھوپی، باغان، ایئرلفٹ، توچل ، اکیلے ہم اکیلے تم، رباتنگ سمیت دیگر گانوںاور موضوع پر بچوںنے ایک سے بڑھ کر ایک پروگرام پیش کرکے ناظرین کو مسحورکردیا۔ اس موقع پر نرسری سے 8 تک کے کلاسوں. میں رینک حاصل کرنے والے بچوں کو ٹرافی دی گئی ۔ اسکول کے ڈائریکٹر ساجد رضا خان ، پرنسپل فرح خان نے بچوں میں مڈل تقسیم کئے اور اور ان کی حوصلہ افزائی کی ۔ فرح خان نے استقبالیہ تقریر میں کہا کہ اپنے قیام کے تیس سال میں اسکول نے سخت آزما حالات سے گزرتے ہوئے اپنی منفرد شناخت بنائی ہے ۔عمدہ ومعیاری تعلیم ، اسکول کی شناخت ہے۔ ٹی رضا اسکول ایک فیملی کی طرح ہے اور اس سے وابستہ سبھی افراد کے تعاون سے تعلیم کے شعبہ میں ہم آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس موقع پر ایس رضا گرلس ہائی اسکول کے ڈائریکٹر راشد رضا خان ، پرنسپل ڈاکٹر شیبارضا خان ، رضا گلوبل اسکول کے ڈائریکٹر ثاقب رضا خاں ، عاطف رضا خاں ، روزنامہ قومی تنظیم کے سینئر سب ایڈیٹر امام الحسن قاسمی کے علاوہ دیگر اہم لوگ موجود تھے ۔ پروگرام میں بڑی تعداد میں گارجین نے حصہ لیا ۔وائس پرنسپل پلو ی نے شکریہ اداکیا۔