TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27 MAY
نئی دہلی، 27 مئی: قومی راجدھانی دہلی اور این سی آر میں مطلع آج صبح سے ہی ابر آلود رہا۔ آندھی اور بارش کی وجہ سے سڑک سے لیکر ہوائی سفر تک متاثر رہا۔ علی الصبھ سے ہی تیز ہوا کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جو صبح ساڑھے نو بجے تک جاری رہی۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات صبح ہی پیشن گوئی کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگلے دو گھنٹے تک دہلی، غازی آباد اور نوئیڈا میں موسم کا مزاج ایسا ہی رہے گا۔ پورے علاقے میں 40 سے 70 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی۔
بین الاقوامی اندرا گاندھی ایئرپورٹ اتھارٹی نے مسافروں کو صلاح دی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کرنے کے بعد ہی گھر سے نکلیں۔ خراب موسم کے باعث فلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے۔ حدبصارت بہت کم ہے۔ ادھر دہلی میں کئی مقامات پر پانی جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک متاثر رہا۔ تیس ہزاری سے کشمیری گیٹ کے درمیان کا نچلا حصہ تالاب کی طرح بن گیا۔
ہندوستانی محکمہ موسمیات کے عہدیداروں نے بتایا کہ راجستھان کے دارالحکومت جے پور میں موسم تیزی سے تبدیل ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ پنک سٹی میں گھنے سیاہ بادل چھائے ہوئے ہیں۔ تیز ہوا چل رہی ہے۔ کسی بھی وقت تیز بارش ہو سکتی ہے۔ جے پور بیورو کے مطابق، گزشتہ 48 گھنٹوں میں ٹونک ضلع میں طوفانی بارش کی وجہ سے 12 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔