TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –31 MAY
عامر خان نے فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ کے ساتھ زوردار واپسی کرنے کی کوشش کی لیکن فلم کے بائیکاٹ نے اس کی کامیابی کو کافی حد تک متاثر کیا۔ شائقین نے فلم سے منہ موڑ لیا اور یہ باکس آفس پر فلاپ ہو گئی۔ یہ عامر کے کیرئیر کی اب تک کی سب سے بڑی فلاپ فلم ثابت ہوئی۔ اس کے بعد عامر خان نے کچھ عرصے کے لیے اداکاری سے بریک لینے کا فیصلہ کیا۔ تب سے ہی عامر لائم لائٹ سے دور رہے۔حال ہی میں عامر نے پنجابی فلم ’کیری آن جٹا 3‘ کے ٹریلر لانچ ایونٹ میں شرکت کی۔ اس فلم کا ٹریلر عامر خان نے ریلیز کیا۔ اس تقریب کے دوران عامر سے پوچھا گیا کہ وہ دوبارہ فلم میں کب نظر آئیں گے۔اس کا جواب دیتے ہوئے عامر نے کہا ’’ میں نے ابھی تک کوئی فلم قبول نہیں کی ہے ۔ میں ابھی اپنی فیملی کے ساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں اور یہی میں کر رہا ہوں۔ جب میں ذہنی طور پر فلم کرنے کے لیے تیار ہوجاوں گا تو یقینی طور پر کام کرنا شروع کر دوں گا‘‘۔
اس کے ساتھ ہی اس ایونٹ میں یہ سوال بھی پوچھا گیا کہ ’’کیا عامر پنجابی فلم میں کام کرنا چاہتے ہیں؟ ۔ اس کا جواب دیتے ہوئے عامر نے کہا کہ شتروگھن سنہا، سنیل دت، راج کپور نے بھی پنجابی فلموں میں کام کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ “میرے لیے فلم کی کہانی اہم ہے۔ اس کے ساتھ ہی اگر کہانی کسی اور زبان میں ہے ،تو مجھے اور بھی خوشی ہوتی ہے کیونکہ مجھے نئی زبانیں سیکھنا اچھا لگتا ہے۔ دلیپ کمار، راج کپور جیسے اداکاروں کی پہلی زبان پنجابی تھی لیکن پنجابی میری پہلی زبان نہیں ہے ، لیکن میں یقینی طور پر اس زبان کی فلم میں کام کرنا ضرور پسند کروں گا‘‘۔