ورلڈ کپ مقابلوں کے لیے شہروں کا نام شارٹ لسٹ ، احمد آباد میں ہو سکتاہے انڈیا پاکستان کا مقابلہ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –28  MAY

نئی دہلی، 28مئی:ہندوستانی سرزمین پر ہونے والے 50 اوور کے ورلڈ کپ کے حوالے سے ایک بڑا اپ ڈیٹ سامنے آیا ہے۔ ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے 15 شہروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی 15 اکتوبر کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان زبردست میچ ہونے کی امید ہے۔
ی ایس پی این کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق ورلڈ کپ کے لیے 15 شہروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ احمد آباد، بنگلور، چنئی، دہلی، دھرم شالہ، گوہاٹی، حیدرآباد، کولکاتہ، لکھنؤ، اندور، راجکوٹ، ممبئی، ترواننت پورم، ناگپور اور پونے وہ شہر ہوں گے جہاں 50 اوور کے ورلڈ کپ کے میچ کھیلے جاسکتے ہیں۔ تاہم اس بارے میں ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے دوران کیا جا سکتا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے درمیان ہائی وولٹیج میچ 15 اکتوبر کو کھیلا جا سکتا ہے۔ احمد آباد کا نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم دونوں ٹیموں کے درمیان اس میچ کی میزبانی کر سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس گراؤنڈ پر ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی ٹکر اسکتی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ کا فائنل میچ 19 نومبر کو کھیلا جائے گا۔بتا دیں کہ ورلڈ کپ میں کل 10 ٹیموں کے درمیان 48 میچ کھیلے جانے ہیں۔ رینکنگ کی بنیاد پر بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ، افغانستان، پاکستان اور بنگلہ دیش پہلے ہی ٹورنامنٹ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ جنوبی افریقہ نے بھی ٹورنامنٹ میں شرکت کا راستہ صاف کر لیا ہے۔