کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز میں روئنگ اور واٹر اسپورٹس کا آغاز

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –27  MAY

گورکھپور، 27 مئی: کھیلو انڈیا یونیورسٹی گیمز میں روئنگ مقابلے کی میزبانی گورکھپور بھی کر رہا ہے۔ ملک کی کئی ریاستوں کی یونیورسٹیوں کے 250 سے زیادہ کھلاڑیوں نے رام گڑھ تال میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا شروع کر دیا ہے۔ ہفتہ کی صبح سات بجے سے، نوجوان کشتی سواروں نے اپنے پیڈل کے ساتھ تال پر پانی کے کھیلوں کی مہارت کامظاہرہ شروع کر دیا ہے۔ مشرقی اتر پردیش بشمول گورکھپور کے کھیلوں کے شائقین 31 مئی تک اس سنسنی خیز تماشے سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔
ہفتہ کی صبح 2000 میٹر کی دوری کے لئے ہٹ ایونٹ میں مردوں اور خواتین کے زمرے میں سنگل سکل، ڈبل سکل، کوکس لیس پیئر، کاکس لیس کواڈراپل، لائٹ ویٹ سنگل، ڈبل اور کواڈراپل مقابلے شروع ہوئے۔ اتوار، 28 مئی کو ہٹ ایونٹ میں آگے کے مراحل میں داخلے سے محروم رہ گئے کھلاڑیوں کو ریپیچز ایونٹ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔ 2000 میٹر کے فائنل پیر 29 مئی کو ہوں گے۔ 500 میٹر کے لیے انفرادی زمرے 30 مئی سے شروع ہوں گے۔