باغیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان رات بھر تصادم میں بی ایس ایف جوان شہید

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –6 JUNE

امپھال، 06 جون: منی پور کے تشدد زدہ سیرو علاقے میں باغیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان رات بھر ہونے والے تصادم میں بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک جوان ہلاک اور آسام رائفلز کے دو اہلکار گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔ فوج نے منگل کو یہ جانکاری دی۔ فوج کے سپیئر کور ہیڈکوارٹر دیما پور نے ٹویٹر پر کہا کہ زخمیوں کو منتری پوکھری لے جایا گیا ہے اور تلاشی مہم جاری ہے۔ آسام رائفلز، بی ایس ایف اور پولیس نے منی پور کے سوگنو/سیرو علاقے میں ایک بڑا آپریشن شروع کیا۔ فوج نے کہا کہ 05/06 جون کی رات بھر سیکورٹی فورسز اور باغیوں کے گروپ کے درمیان وقفے وقفے سے فائرنگ ہوتی رہی۔ سکیورٹی فورسز نے فائرنگ کا موثر جواب دیا۔فوج نے بتایا کہ گولی لگنے سے شدید زخمی ہونے والے بی ایس ایف جوان رنجیت یادو کو کاکچنگ کے جیون اسپتال لے جایا گیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ منی پور میں گزشتہ ایک ماہ سے تشدد جاری ہے اور پوری ریاست میں معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے ہیں۔ تشدد کے واقعات میں 80 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ مرکزی حکومت نے اتوار کو منی پور میں تشدد کی تحقیقات کے لیے گوہاٹی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اجے لامبا کی صدارت میں ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا۔ کمیشن 3 مئی کو اور اس کے بعد منی پور میں مختلف کمیونٹیز کے ارکان کو نشانہ بنانے کے تشدد کے واقعات اور اس کی وجوہات کی تحقیقات کرے گا۔