وزیر صحت کے بھائی سمیت 22 افراد پر ریپ کیس میں نچلی عدالت میں مقدمہ چلے گا:ہائی کورٹ

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -21 AUG      

رانچی، 21 اگست: جھارکھنڈ ہائی کورٹ نے پیر کو جمشید پور کے مانگو سہارا سٹی میں ایک نابالغ کی عصمت دری اور جسم فروشی کرانے کے معاملے میں اپنا فیصلہ سنایا۔ ہائی کورٹ نے اس معاملے میں ریاستی وزیر صحت بننا گپتا کے بھائی گڈو گپتا، اس وقت کے ڈی ایس پی اور تھانیدار سمیت 22 لوگوں کو ملزم بنائے جانے کے لیے جمشید پور کی نچلی عدالت کے ذریعہ جاری سمن کو چیلنج کرنے والی ایک درخواست پر اپنا فیصلہ سنایا ہے۔
عدالت نے مقدمے کے تمام 16 ملزمان کی جانب سے دائر درخواست کو مسترد کرتے ہوئے انہیں مقدمے میں ملزم بنانے کے ٹرائل کورٹ کے حکم کو برقرار رکھا۔ اب ملزمان کے خلاف نچلی عدالت میں مقدمہ چلے گا۔ عدالت نے پہلے اس معاملے میں فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ ہائی کورٹ کے جسٹس سنجے پرساد کی عدالت نے اس کیس کا فیصلہ سنایا ہے۔ عرضی گزار کی طرف سے سینئر وکیل اے کے کشیپ پیش ہوئے جبکہ متاثرہ کی طرف سے وکیل دیوش اجمانی پیش ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ متاثرہ کی ماں نے جمشید پور کی خصوصی عدالت میں وزیر صحت بننا گپتا کے بھائی گڈو گپتا، اس وقت کے ڈی ایس پی اجے کرکیٹا اور اس وقت کے ایم جی ایم تھانے کے انچارج امداد انصاری سمیت 22 لوگوں کو ملزم بنانے کے لیے درخواست دائر کی تھی۔ اس درخواست کو عدالت نے قبول کر لیا اور تمام 22 افراد کو مقدمے میں ملزم بنانے اور ٹرائل چلانے کا حکم دیا، جسے 16 ملزمان نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیاتھا۔
یہ معاملہ 19 جنوری 2018 کا ہے جہاں متاثرہ لڑکی نے عدالت میں بیان ریکارڈ کرایا کہ اسے تقریباً 24 افراد نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ الزام کے بعد ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو لائن حاضر کیا گیا لیکن پولیس تفتیش میں دونوں اہلکاروں کو کلین چٹ دے دی گئی۔ اس وقت کے وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے بھی سی آئی ڈی انکوائری کا حکم دیا تھا لیکن سی آئی ڈی نے انہیں بھی کلین چٹ دے دی تھی۔