اتر پردیش : تیز بارش اور آسمانی بجلی گرنے سے 19 افراد ہلاک

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –11 SEPT     

لکھنؤ، 11 ستمبر: لکھنؤ سمیت اتر پردیش کے کئی اضلاع میں بارش کی وجہ سے زندگی متاثر ہے۔ شدید بارش، آسمانی بجلی گرنے اور ندی میں ڈوبنے سے مجموعی طور پر 19 افراد ہلاک ہو گئے۔
اتر پردیش کے حکومتی نمائندہ نے پیر کو بتایا کہ اتوار سے لکھنؤ، کانپور، بارہ بنکی، اناؤ، مرادآباد، ہردوئی، پرتاپ گڑھ سنبھل سمیت کئی اضلاع میں بارش ہو رہی ہے۔ یہ سلسلہ اب بھی کئی اضلاع میں جاری ہے۔ ان اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے، زیادہ بارش اور ندی میں ڈوبنے سے 19 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
مرنے والوں میں ہردوئی، بارہ بنکی سے تین، پرتاپ گڑھ، قنوج سے دو دو اور امیٹھی، دیوریا، جالون، اناؤ، سنبھل، رام پور، مظفر نگر سے ایک ایک کی اطلاع ملی ہے۔ یہ ڈیٹا پچھلے 24 گھنٹوں کا ہے۔ اس میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔قابل ذکر ہے کہ زونل میٹرولوجیکل سنٹر لکھنؤ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ اتوار کی رات سے پیر تک کئی اضلاع میں شدید بارش ہو سکتی ہے۔ بارش کے پانی سے اضلاع کے کئی شہری اور دیہی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔ سڑکیں اور ریل گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں۔ محکمہ موسمیات نے امکان ظاہر کیا ہے کہ ایسا ہی موسم منگل 12 ستمبر تک جاری رہے گا۔ مانسون کی سرگرمیاں 13 ستمبر کو کم ہونے کی توقع ہے۔