TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -21 SEPT
اداکار پرکاش راج اپنی بے باکی کے لیے جانے جاتے ہیں۔ وہ ٹوئٹر پر بہت سے سماجی اور سیاسی مسائل پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوٹیوب چینل کے ذریعے اشتعال انگیز مواد پھیلانے سے ان کی زندگی اور ان کے خاندان کی حفاظت کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔ اس کے بعد انہوں نے بنگلورو میں یوٹیوب چینل ‘ٹی وی وکرم’ کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بنگلورو کی اشوک نگر پولیس نے پرکاش راج کی شکایت پر یوٹیوب چینل ‘ٹی وی وکرم’ کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔ سناتن دھرم کے حوالے سے پرکاش راج کے تبصرے کے بعد اس یوٹیوب چینل کے متنازعہ ویڈیو کو تقریباً 90 ہزار ویوز مل چکے ہیں۔ کیا اسٹالن اور پرکاش راج کو ہٹا دینا چاہیے؟ ہندوؤں کو کیا کرنا چاہیے؟ کیا آپ کا خون نہیں ابلتا؟ اس قسم کا مواد اس ویڈیو میں ہے۔
پرکاش راج نے کہا کہ ویڈیو میں انہیں اور ان کے خاندان کو منفی شبیہہ میں دکھایا گیا ہے۔ انہوں نے ویڈیو کے مواد کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کی واضح اور دانستہ کوشش قرار دیا اور چینل کے مالک اور متعلقہ افراد کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پرکاش راج کی شکایت کے بعد پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 506، 504، 505 (2) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔