امریکی صدر اسرائیلی وزیرِ اعظم نیتن یاہو سے ملاقات کے لیے راضی ہو گئے، بدھ کو ہوگی ملاقات

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –18 SEPT     

واشنگٹن، 18 ستمبر: امریکی صدر جو بائیڈن اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو سے ملاقات کے لیے راضی ہو گئے۔دی گارجین کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم کے سخت گیر اتحادی حکومت کے فیصلوں کی وجہ سے بائیڈن حکومت اسرائیلی وزیرِ اعظم سے ملاقات سے انکاری تھے۔ مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاریوں پر امریکا مسلسل اپنی تشویش کا اظہار کرتا رہا ہے اور بائیڈن نے اس اسرائیلی حکومت کو تاریخ میں سب سے زیادہ انتہا پسند قرار دیا تھا۔تاہم جو بائیڈن آخر کار نیتن یاہو کے ساتھ ملاقات کے لیے راضی ہو گئے ہیں، یہ وہ ملاقات ہے جس کی اسرائیلی وزیر اعظم کو طویل عرصے سے انتظار تھا، مگر دی گارجین نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر اس تجدیدِ تعلقات کو ‘بے ڈول’ قرار دیا اور کہا کہ اس ملاقات سے دونوں رہنماؤں کے مابین موجود کشیدہ تعلقات میں بہتری کا امکان نہیں ہے۔وائٹ ہاؤس نے کہا کہ امریکی صدر بدھ کو نیویارک میں نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے۔ امریکی قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو امریکا اور اسرائیل کے درمیان مشترکہ جمہوری اقدار اور زیادہ خوش حال و مستحکم خطے کے وژن پر مرکوز رہے گی، ایران کے مؤثر مقابلے کے مسئلے پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔واضح رہے کہ نیتن یاہو حکومت کی جانب سے عدالتی اصلاحات کو وائٹ ہاؤس نے عدلیہ کی آزادی پر حملے کے طور پر دیکھا ہے، خود اسرائیل میں عدالتی اصلاحات کی تجاویز پر اسرائیلی تاریخ کی سب سے بڑی احتجاجی تحریک چلائی گئی ہے۔