TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -06 SEPT
لاہور، 6ستمبر: ایشیا کپ 2023 کا چھٹا میچ منگل کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان کھیلا گیا۔ اس دلچسپ میچ میں سری لنکائی ٹیم دو رنز سے جیتنے میں کامیاب رہی۔ اس کے ساتھ ہی سری لنکا نے سپر 4 کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے۔ افغانستان کا سپر 4 میں جانے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔ میچ کے دوران افغان بلے باز محمد نبی اور کپتان حشمت اللہ شاہدی نے شاندار بلے بازی کی۔دونوں بلے بازوں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے اپنی ٹیم کے لئے نصف سنچریاں بنائیں اور جیتنے کی بھرپور کوشش کی لیکن ناکام رہے۔اس سے پہلے لاہور میں ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم مقررہ اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 291 رنز بنا سکی۔ کسل مینڈس ٹیم کی جانب سے تیسرے نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے زبردست فارم میں نظر آئے۔مینڈس 109.52 کے اسٹرائیک ریٹ سے 84 گیندوں پر ٹیم کے لئے سب سے زیادہ 92 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ تاہم وہ صرف آٹھ رنز سے اپنی تیسری ون ڈے سنچری سے چوک گئے۔ ان کے علاوہ پتھم نسانکا سری لنکن ٹیم کے لئے دوسرے سب سے زیادہ اسکور بنانے والے کھلاڑی رہے۔ اننگز کا آغاز کرتے ہوئے نسانکا نے 40 گیندوں میں 41 رنز بنائے۔سری لنکا کے خلاف افغانستان کیلئے سب سے کامیاب گیند باز گلبدین نائب رہے۔ انہوں نے اپنی ٹیم کے لئے 10 اوورز میں چار وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ راشد خان نے دو اور مجیب الرحمان کو ایک کامیابی ملی۔ہدف کے تعاقب میں محمد نبی اور کپتان حشمت اللہ شاہدی زبردست فارم میں نظر آئے۔ ٹیم کی جانب سے چھٹی پوزیشن پر بلے بازی کرتے ہوئے جہان نبی نے 32 گیندوں پر 65 رنز کی دھماکہ خیز نصف سنچری اننگز کھیلی تو وہیں پانچویں نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے شاہدی نے 66 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ ان دو بلے بازوں کے علاوہ چوتھے نمبر پر بلے بازی کرتے ہوئے رحمت شاہ نے 40 گیندوں پر 45 رنز بنائے۔ افغانستان کی پوری ٹیم 289 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔سری لنکا کی جانب سے کسن راجیتھا سب سے کامیاب گیند باز رہے۔ اس نے اپنے 10 اوورز کے اسپیل میں سب سے زیادہ چار کامیابیاں حاصل کیں۔ راجیتھا کے علاوہ دونتھ ویلیز اور دھننجے ڈی سلوا نے دو دو وکٹیں لیں اور مہیش ٹیکشنا اور متھیشا پتھیرانا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔