TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -22 SEPT
ہانگ زو، 22 ستمبرْ؛ ہندوستانی مردوں کی والی بال ٹیم نے ایشیائی کھیلوں میں اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھا اور جمعہ کو دنیا میں 43 ویں نمبر کی چینی تائی پے کو 3-0 (25-22، 25-22، 25-21) سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کر لی۔ کوارٹر فائنل میں ہندوستان کا مقابلہ دنیا میں پانچویں نمبر کے جاپان سے ہوگا۔اس میچ میں ہندوستان نے پہلے سیٹ میں 15-20 سے پیچھے رہنے کے بعد زبردست واپسی کی اور اشو ل رائے اور ایرن ورگیس کے شاندار بلاکس کے ذریعے پہلا سیٹ 25-22 سے جیت لیا۔اس کے بعد چائنیز تائپے نے دوسرے سیٹ میں بھی ہندوستان کو سخت چیلنج دیا۔ تاہم ہندوستانی ٹیم نے 29 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں دوسرا سیٹ 25-22 سے جیت کر 2-0 کی برتری حاصل کر لی۔
ہندوستانی والی بال ٹیم نے تیسرے سیٹ میں بھی اپنا تسلط برقرار رکھا اور 29 منٹ تک جاری رہنے والے اس سیٹ میں 25-21 سے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
میچ میں نوجوان امیت نے 16 پوائنٹس اور ونیت اور اشو ل کی تجربہ کار جوڑی نے 26 پوائنٹس کا اشتراک کیا۔ اس کے ساتھ ہی اشو ل کے تین میچوں میں 50 سے زیادہ پوائنٹس ہیں اور وہ اس ٹورنامنٹ میں ایک بہترین کھلاڑی بن کر ابھرے ہیں۔اس سے قبل ہندوستان نے 2018 کے ایشیائی کھیلوں کے تمغہ جیتنے والے جنوبی کوریا کو پانچ سیٹ کے سنسنی خیز مقابلے میں شکست دے کر گروپ مرحلے میں سرفہرست مقام حاصل کیا تھا۔