TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –11 SEPT
نئی دہلی،11ستمبر: دہلی کے جعفرآباد علاقے میں ایک خاتون کو اس کے شوہر نے بے وفائی کے شبہ میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس کو اس واقعہ کی اطلاع رات 1:06 پر ملی۔ پولیس کو موصول ہونے والی اطلاع کے مطابق جعفرآباد کے موج پور کے وجے محلہ کی گلی نمبر 3 میں ایک شخص نے اپنی بیوی کو چاقوئوں سے مار دیا۔ مقتول خاتون کا نام نشا اور ملزم کا نام ساجد ہے۔ ساجد پر اپنی بیوی نشا پر چاقو سے حملہ کرنے کا الزام ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے، موصولہ اطلاع کے مطابق واقعہ کے وقت نشا اپنے گھر پر موجود تھی۔ اس کے شوہر ساجد نے اس پر چاقو کے کئی وار کئے۔ زخمی حالت میں اسے جی ٹی بی اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ خاتون کی گردن، سینے اور بائیں ہاتھ پر چاقو کے زخم پائے گئے۔ لڑائی اور حملے کے دوران نشا کی 11 سالہ بیٹی نے اپنی ماں کو بچانے کی کوشش کی، اس دوران اس کے ہاتھ پر بھی شدید چوٹ آئی۔نشا اور ساجد کی دو بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک کی عمر 11 سال اور دوسری کی عمر 7 سال ہے۔ ۔ واقعہ کے وقت دونوں لڑکیاں گھر میں موجود تھیں۔ ملزم ساجد کچھ عرصہ قبل موبائل ریپئرنگ کی دکان چلاتا تھا۔ فی الحال اس کے پاس کوئی روزگار نہیں ہے۔ تاہم واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر اسے گرفتار کرلیا۔ معلومات کے مطابق ساجد کو اپنی بیوی نشا کے کردار پر شک تھا، اسے لگا کہ نشا اس کے ساتھ بے وفائی کر رہی ہے۔ اس وجہ سے اس نے اسے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا۔ پولیس نے ساجد کو گرفتار کرنے کے ساتھ ساتھ قتل میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کر لیا ہے۔ پولس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔