شاہجہاں پور: انسپکٹر کا پستول چھین کر بھاگ رہا مجرم انکاؤنٹر میں مارا گیا

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN -20 SEPT     

شاہجہاں پور، 20 ستمبر:عدالت میں پیشی کے لیے لے جانے کے دوران ایک بد معاش انسپکٹر کی پستول چھن کر بھاگ گیا۔ پولیس نے شام کو انکاؤنٹر میں اس بد معاش کو ہلاک کر دیا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار مینا نے بتایا کہ منگل کی صبح کچھ بد معاش لوٹ کی نیت سے میران پور کٹرا تھانہ علاقہ کے محلہ بازارگھر کے رہائشی آلوک گپتا کے گھر میں داخل ہوگئے ۔ اس دوران بد معاشوں نے آلوک پر چاقو سے حملہ کر کے اس کا قتل کر دیا۔ بیوی خوشبو، بھائی پرشانت، اس کے والد سدھیر گپتا اس کو بچانے آئے بدمعاشوں نے ان کو بھی زخمی کردیا۔
اس دوران اہل علاقہ نے کٹرہ کے رہائشی دو بدمعاشوں شہباز اور شہروز کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
ایس پی نے کہا کہ طبی معائنہ کرانے کے بعد پولیس ٹیم بدمعاشوں کو منگل کی شام کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے لے جا رہی تھی۔ نیشنل ہائی وے پر بٹالیا گاؤں کے قریب پولیس کی گاڑی کے سامنے اچانک جانور آگئے۔ جس کی وجہ سے بد معاشوں کو لے جانے والی پولیس کی گاڑی بے قابو ہو کر رک گئی۔ اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مجرم شہباز نے انسپکٹر ہتیش تومر کی پستول چھین لی اور بھاگ کر گنے کے کھیت میں چھپ گیا۔ واقعہ کی اطلاع اعلیٰ حکام کو دی گئی۔ دوسری جانب پولیس ٹیم نے گنے کے کھیت کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس بدمعاش کو گھیرے میں لے رہی تھی کہ اچانک بدمعاش نے پولیس پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی۔ مقابلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا اور پولیس کی جوابی کارروائی میں شہباز زخمی ہوگیا۔ اس کو تلہار کے سرکاری اسپتال لے جایا گیا، وہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔