TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –12 SEPT
ستارہ،12 ستمبر:مہاراشٹر کے ستارہ ضلع کے پوسیساولی گاؤں میں سوشل میڈیا پر قابل اعتراض پوسٹ شیئر کیے جانے پر پھوٹ پڑے تشدد میں ایک 32 سالہ شخص ہلاک اور 10 دیگر زخمی ہوگئے۔ اس سے پہلے کہ پولیس حالات پر قابو پانے کے لیے پہنچتی، گاؤں میں دکانوں اور گھروں کو آگ لگا دی گئی، جب کہ ایک عبادت گاہ پر بھی حملہ کیا گیا۔کولہاپور رینج کے اسپیشل آئی جی سنیل پھولاری نے کہا کہ تشدد کے سلسلے میں 23 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تشدد کے حوالے سے الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ جس میں ایک معاملہ سوشل میڈیا پوسٹ سے متعلق ہے اور دوسرا قتل اور ہنگامہ آرائی سمیت دیگر الزامات کے تحت۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ تشدد کے مشتبہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق پھولاری نے کہا کہ گاؤں کے کچھ نوجوانوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض تبصرے اور مواد پوسٹ کرنے کے بعد تشدد پھوٹ پڑا۔ اسے اتوار کی رات پوچھ گچھ کے لیے مقامی پولیس اسٹیشن لایا گیا تھا۔ اس کے بعد 100 سے زیادہ لوگوں کا ایک گروپ گاؤں پہنچ گیا۔ ہجوم نے گاڑیوں، سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچایا اور لوگوں پر حملہ کیا۔ پرتشدد ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے پولیس کو طاقت کا استعمال کرنا پڑا۔گاؤں کے اندر اور باہر ٹریفک کو مختلف چوکیوں پر روک دیا گیا تھا جبکہ پولیس اور ضلعی حکام نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے علاقے کا دورہ کیا۔ پھولاری نے اپیل کی کہ اگر کسی کو کوئی قابل اعتراض پوسٹ نظر آئے تو وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بجائے حکام کو مطلع کریں۔