نوح تشدد کیس میں پولیس نے کانگریس ایم ایل اے مامن خان کو کیاگرفتار

TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –16 SEPT     

نئی دہلی،15ستمبر:ہریانہ پولیس نے کانگریس کے رکن اسمبلی ے مامن خان کو کل دیر رات فیروز پور کے جھرکا سے گرفتار کیا ہے۔ مامن خان کو آج نوح ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا جائے گا۔ لیکن سوال یہ اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا مونو مانیسر کی گرفتاری میں توازن پیدا کرنے کے لیے مامن خان کو گرفتار کیا گیا ہے؟دراصل 31 جولائی کو نوح میں تشدد اور آتش زنی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس میں پانچ افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس کے ساتھ کئی لوگ زخمی بھی ہوئے۔ اس میں بھاری مقدار میں سامان کا نقصان ہوا۔ کئی دکانوں کو نقصان پہنچا اور 100 سے زائد گاڑیاں جل گئیں۔ اس معاملے میں پولیس نے توفیق نامی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے اپنے بیان میں مامن خان کا نام لیا ہے۔ توفیق خان کا کہنا ہے کہ اسی نے ہجوم اور تشدد پر اکسایا تھا۔ ہریانہ پولیس نے مامن خان کو گرفتاری سے قبل دو بار پوچھ گچھ کے لیے بلایا تھا لیکن اس نے پوچھ گچھ میں حصہ نہیں لیا۔ انہوں نے اس معاملے کو لے کر پنجاب ہریانہ ہائی کورٹ میں عرضی دائر کی تھی۔ ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرتے ہوئے انہوں نے نوح تشدد کیس میں ایس آئی ٹی کی تشکیل کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے اپنی عرضی میں کہا تھا کہ ایس آئی ٹی ٹیم کا سربراہ آئی جی سطح کا افسر ہونا چاہئے اور پورے معاملے کی ان کی نگرانی میں جانچ ہونی چاہئے۔