TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –11 SEPT
اسلام آباد۔ ایجنسیاں11ستمبر:وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں میاں بیوی کو رشتے داروں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور اس دوران ڈھائی سال کے بچے کو لاشوں کے درمیان ہاتھ میں فیڈر لیے ٹہلتے دیکھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔دلخراش مناظر والی اس ویڈیو کو سنیچر کی سہ پہر ٹوئٹر پر پوسٹ کیا گیا جس کے بعد صارفین کی بڑی تعداد دل گرفتہ نظر آئی۔سینکڑوں صارفین نے ملکی حالات پر تبصرہ کرتے ہوئے اس واقعہ کو گزشتہ ہفتے سوات کے بازار میں قتل کی گئی خاتون کی اْس دلخراش تصویر سے ملایا جس میں معصوم بیٹا ماں کی لاش سے لپٹ کر رو رہا ہے۔اسلام آباد پولیس کے مطابق دوہرے قتل کا یہ واقعہ سیکٹر آئی الیون میں مشہور کیش اینڈ کیری سْپر سٹور کی پارکنگ کے قریب گراؤنڈ میں پیش آیا۔پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ مقتولین میاں بیوی تھے جن کے لاوارث رہ جانے والے بچے کو اْن کے لواحقین کے حوالے کر دیا گیا ہے۔مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے پمز ہسپتال منتقل کی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق مقتولین کی شناخت ریحانہ سردار اور ظفر اقبال کے نام سے ہوئی۔ جن کو ذاتی جائیداد کے تنازعے پر ان کے رشتہ داروں نے قتل کیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزمان کی شناخت ہو چکی ہے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔مقتول میاں بیوی راولپنڈی کے علاقے پیر ودھائی کے رہائشی تھے۔