TAASIR NEWS NETWORK- SYED M HASSAN –15 SEPT
نئی دہلی،14ستمبر: جنوبی دہلی میں سوریا ہوٹل کے قریب بدھ کو کیبلز چوری کرنے مین ہول میں گھسنے والے دو افراد زہریلی گیس کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ بدھ کی صبح جاوید نامی شخص نے پولیس کو فون کیا اور بتایا کہ متھرا روڈ پر سوریا ہوٹل ٹریفک سگنل کے قریب ایک مین ہول کے اندر ایک شخص بے ہوش پڑا ہے اور اس کے جسم پر زخم کے کوئی نشان نہیں ہیں۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو مین ہول کے اندر سے دو افراد مردہ پائے گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ مرنے والوں میں سے ایک کی شناخت بٹلہ ہاؤس، جامعہ نگر کے رہنے والے سلیم کے طور پر کی گئی ہے، جب کہ دوسرے کی شناخت ابھی تک نہیں ہوسکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیم کا مجرمانہ ریکارڈ ہے اور اس کے خلاف کم از کم 12 مجرمانہ مقدمات درج ہیں۔ حکام نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ دونوں کی موت مین ہول کے اندر زہریلی گیس سے ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں لاشوں کو ایمس کے مردہ خانہ میں رکھا گیا ہے۔