تاثیر،۱۷ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 17 نومبر: ہر سال کی طرح اس سال بھی کیجریوال حکومت کے تمام متعلقہ محکمے جنگی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں تاکہ دہلی میں چھٹھ تہوار کا انعقاد شان و شوکت سے ہو۔ اس سلسلے میں تیاریوں کا معائنہ کرنے کے لیے ریونیو منسٹر آتشی نے جمعہ کو آئی ٹی او میں واقع چھٹھ گھاٹ کا دورہ کر تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ریونیو منسٹر آتشی نے کہا کہ دہلی میں چھٹھ تہوار کی تیاریوں میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہیے، اس سمت میں وزیر اعلی اروند کیجریوال کی ہدایت پر تمام ایم ایل اے اور محکمے گراؤنڈ زیرو پر موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوروانچلی لوگوں کی ایک بڑی تعداد دہلی میں رہتی ہے اور دہلی کی سماجی، اقتصادی اور ثقافتی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتی ہے۔ چھٹھ تمام پوروانچلی بھائیوں اور بہنوں کے لیے ایک بہت اہم تہوار ہے۔ ایسے میں گزشتہ 8 سالوں سے اروند کیجریوال حکومت پورے دہلی میں بڑے پیمانے پر مہم چلا رہی ہے۔چھٹھ مہاپرو کا اہتمام کیا جاتا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کیجریوال حکومت نے دہلی بھر میں 1000 سے زیادہ گھاٹ تیار کیے ہیں تاکہ دہلی میں کسی بھی شخص کو چھٹھ کا تہوار منانے کے لیے اپنے گھر سے دور نہ جانا پڑے۔ دہلی حکومت نے ان گھاٹوں پر تالاب بنانے سے لے کر خیمے، لائٹس، صفائی ستھرائی، سیکورٹی وغیرہ کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ میتھالی بھوجپوری اکیڈمی کی جانب سے کئی گھاٹوں پر ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ہماری کوشش ہے کہ دہلی کے ہمارے پوروانچلی بھائی اور بہنیں عقیدے کے عظیم تہوار چھٹھ کو خوشی، امن اور مسرت کے ساتھ منا سکیں۔ معائنہ کے دوران ریونیو منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ چھٹھ گھاٹ کی تیاری کے لئے دن رات کام کریں تاکہ آخری دن تک کوئی کام باقی نہ رہے اور عقیدت مندوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔