تاثیر،۲۰ نومبر۲۰۲۳:- ایس -ایم- حسن
نئی دہلی، 20نومبر: ورلڈ کپ 2023 ختم ہو چکا ہے۔ ہندوستان میں کھیلے گئے آئی سی سی ٹورنامنٹ کا خطاب آسٹریلیا نے جیتا۔ کنگارو ٹیم نے فائنل میں ٹیم انڈیا کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ اب 7 ماہ بعد ایک اور ورلڈ کپ کھیلا جانے والا ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا انعقاد جون 2024 میں ویسٹ انڈیز اور امریکہ میں کیا جا رہا ہے۔ ورلڈ کپ 2023 میں حصہ لینے والے بہت سے کھلاڑیوں کو شاید ہی اس ٹورنامنٹ میں موقع ملے۔ وراٹ کوہلی اور روہت شرما نے نومبر 2022 کے بعد کوئی ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔ یعنی وہ پچھلے ایک سال سے ٹی ٹوینٹی ٹیم سے باہر ہیں۔ کوچ راہل دراوڑ کی مدت کار بھی ختم ہو گئی ہے۔ یعنی ٹیم نئے کوچ کے ساتھ ورلڈ کپ میں اتر سکتی ہے۔ٹیم انڈیا ہاردک پانڈیا کی کپتانی میں لگاتار ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل سیریز کھیل رہی ہے۔ ایسے میں امید کی جا رہی ہے کہ انہیں اگلے سال ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لئے ٹیم کی کمان مل سکتی ہے۔ آئی پی ایل میں بطور کپتان ان کا ریکارڈ اچھا ہے۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے علاوہ آر اشون، شاردل ٹھاکر اور کے ایل راہل کو شاید ہی موقع ملے۔عمر کو دیکھتے ہوئے یہ بھی یقینی نہیں ہے کہ محمد سمیع ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں کھیلیں گے۔ انہوں نے ایک سال سے کوئی ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچ نہیں کھیلا ہے۔ راہل کو ورلڈ کپ میں بطور وکٹ کیپر موقع ملا تھا، لیکن ٹی 20 میں ایشان کشن سے لے کر سنجو سیمسن کا ریکارڈ اچھا ہے۔ ایسے میں ان نوجوانوں کو ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ میں برتری حاصل ہے۔تلک ورما نے آئی پی ایل سے لے کر ٹی 20 انٹرنیشنل تک میں نمبر 3 پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سوریہ کمار یادو کا نمبر 4 پر کھیلنا یقینی ہے۔ اس نمبر پر ان کا ریکارڈ شاندار ہے۔ 5 نمبر کی ریس میں ہاردک پانڈیا، سنجو سیمسن اور رنکو سنگھ کو موقع مل سکتا ہے۔ نمبر 6 اور نمبر 7 کے بارے میں بات کریں تو رویندر جڈیجہ، اکشر پٹیل اور شیوم دوبے کو آل راؤنڈر کے طور پر آزمایا جا سکتا ہے۔ شیوم دوبے ایک تیز گیند باز کے طور پر ٹیم کے لئے اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔ واشنگٹن سندر بھی آل راؤنڈر کی دوڑ میں شامل ہیں۔شریس ایرّ نے ورلڈ کپ 2023 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور 2 سنچریاں بنائیں، لیکن ان کے لئے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لئے مڈل آرڈر میں جگہ بنانا آسان نہیں ہوگا۔ انہیں تلک ورما اور سنجو سیمسن سے مقابلہ ہو سکتا ہے۔ جسپریت بمرا کا تیز گیند باز کے طور پر کھیلنا یقینی ہے۔ اس کے علاوہ لیگ اسپنر روی بشنوئی، یجویندر چہل، پرسدھ کرشنا، محمد سراج اور ارشدیپ سنگھ کو موقع مل سکتا ہے۔ مجموعی طور پر ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے لئے منتخب 15 کھلاڑیوں کی ٹیم سے کئی سینئر کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔